پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹ انتخابات میں امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کے لئے انٹرویوز کا مرحلہ مکمل ہوگیا ، اجلاس میں پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخواہ اور اسلام آباد میں سینیٹ کی نشستوں پر امیدواروں کے انٹرویوز لئے گئے، سندھ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فارمولا طے کرنے کے لئے سابق وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ سندھ کے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے رابطے ہوئے ہیں

پیر 9 فروری 2015 09:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9فروری۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سینیٹ انتخابات میں امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کے لئے انٹرویوز کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ پارلیمانی بورڈ کی سفارشات پر پارٹی کے شریک چیئرمین جلد حتمی امیدواروں کے ناموں کی منظوری دیں گے۔ پیپلز پارٹی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس اتوار کو تیسرے روز بھی بلاول ہاؤس میں پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صدارت میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں مخدوم امین فہیم، راجا پرویز اشرف، رضا ربانی، قائم علی شاہ، شیریں رحمان، منظور وٹو، صادق عمرانی اور خانزادہ خان شریک ہوئے۔ اجلاس میں پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخواہ اور اسلام آباد میں سینیٹ کی نشستوں پر امیدواروں کے انٹرویوز لئے گئے۔ان امیدواروں میں پنجاب سے ندیم افضل چند، ملک حاکمین، پیر حیدر زمان قریشی، خیبر پختونخواہ سے وقار احمد خان، نور احمد خان، عاصمہ ارباب عالمگیر اور بلوچستان سے صابر بلوچ، اسلام آباد سے نرگس ملک، میمونہ زینب کاظمی شامل ہیں پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کی قیادت کے ملک بھر میں سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے ایم کیو ایم، مسلم لیگ (ق)، جمعیت علمائے اسلام (ف)، قومی وطن پارٹی، جماعت اسلامی، مسلم لیگ فنکشنل سمیت دیگر جماعتوں سے رابطے ہیں اور کوشش کی جارہی ہے کہ سندھ میں 11 نشستوں پر اتفاق رائے سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ فارمولا طے ہوسکے جبکہ پنجاب، خیبرپختونخواہ، بلوچستان اور اسلام آباد کی نشستوں پر بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر بھی بات چیت کا مرحلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کی قیادت مختلف پارلیمانی جماعتوں سے رابطوں کے مراحل مکمل ہونے کے بعد امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرے گی اور مختلف جماعتوں کے امیدواروں کی حمایت کی پالیسی بھی طے کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فارمولا طے کرنے کے لئے سابق وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ سندھ کے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے رابطے ہوئے ہیں اور ایم کیو ایم کے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے امور طے کرنے کے لئے بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ جلد باضابطہ دونوں جماعتوں کی کمیٹیاں ملاقات کریں گی۔