وزیر اعظم کا آبپارہ مارکیٹ اور جی ٹین مرکز کا دورہ ، شہریوں میں گھل مل گئے ، پھلوں ، سبزوں کے نرخوں کاجائزہ لیا ، ملک کو سنگین مسائل کا سامنا ہے بجلی اور گیس کا بحران اپنے دور حکومت میں حل کردینگے ، وزیر اعظم نواز شریف ،عوام کی زندگی میں سہولت لانا چاہتے ہیں ،ملک انشاء اللہ بہت جلد خوشحال ہوجائیگا ، شہریوں سے گفتگو ،پٹرولیم کے نرخ کم ہونے سے مہنگائی میں کمی آئی ہے ، بیشتر اشیاء کے نرخ نیچے آنے سے سکون ملا ہے ،شہریوں کی گفتگو ،شہریوں کی شکایت پر وزیر اعظم نے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ کر نے کا نوٹس لے لیا ، فوری رپورٹ طلب

پیر 9 فروری 2015 08:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9فروری۔2015ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہاہے کہ ملک کو سنگین مسائل کا سامنا ہے جن کے حل کیلئے بھرپور کوشش کررہے ہیں ، بجلی اور گیس کا بحران اپنے دور حکومت میں حل کردینگے ، عوام کی زندگی میں سہولت لانا چاہتے ہیں ،ملک انشاء اللہ بہت جلد خوشحال ہوجائیگا ۔اتوار کو وزیر اعظم محمد نواز شریف اچانک غیر اعلانیہ دورے پر آبپارہ مارکیٹ اور جی ٹین مرکز پہنچ گئے انہوں نے سبزیوں اور پھلوں سمیت مختلف شیاء کی قیمتوں کے بارے میں دکانداروں سے دریافت کیا اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد بھی جمع ہوگئی جنہوں نے وزیر اعظم کو اپنے درمیان پاکر خوشی کا اظہار کیا اور ان کے حق میں نعرے لگائے وزیراعظم کے پوچھنے پر شہریوں نے بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے مہنگائی میں کمی آئی ہے اور کئی اشیاء کے نرخ نیچے آگئے ہیں وزیر اعظم نے کہاکہ اس وقت ملک کو بہت سنگین مسائل کا سامنا ہے جن کے حل کیلئے موجودہ حکومت کوششیں کررہی ہے انہوں نے کہاکہ برسوں کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے کوششیں کررہے ہیں اور اسی دور حکومت میں بجلی اور گیس کے مسائل حل ہو جائینگے جبکہ بے روز گاری میں بھی کمی ہوگی انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بجلی اور گیس کا بحران دو سال میں حل ہو جائے انہوں نے کہا کہ آج میں اس لئے آیا ہوں کہ معلوم کر سکوں کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے بعد دیگر اشیاء کی قیمتیں بھی کم ہوئی ہیں یا نہیں انہوں نے کہاکہ پٹرول 107روپے لیٹر سے کم کر کے 70روپے پر لے آئے ہیں کوشش کررہے ہیں کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی کا فائدہ پوری طرح عوام کو منتقل ہو سکے انہوں نے کہا کہ مسائل کو حل کر نے والا اللہ تعالیٰ ہے ہم کوشش کر سکتے ہیں جو کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ پاکستان بہت جلد خوشحال ہو جائیگا ہماری کوشش ہے کہ عوام کی زندگی میں سہولت لا سکیں اس موقع پر آبپارہ مارکیٹ کے ایک تاجر کی جانب سے مارکیٹ میں سیوریج اور پارکنگ سمیت دیگر مسائل کی طرف توجہ دلائی گئی جس پر وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری آئندہ دو سے تین روز میں سی ڈی اے کی ٹیم کو آبپارہ مارکیٹ لیکر آئیں گے اور مسائل کے حل کیلئے حکمت عملی طے کرینگے اس موقع پر شہریوں اور دکانداروں نے وزیر اعظم کو بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی سے مہنگائی میں کمی آئی ہے اور بیشتر اشیاء کے نرخ نیچے آنے سے سکون ملا ہے ۔

(جاری ہے)

بعض شہریوں کی طرف سے وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اسطرح کمی نہیں کی جارہی ہے جس پر وزیر اعظم نے کہاکہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ پوری طرح عوام کو منتقل کر چاہتے ہیں ٹرانسپورٹ کے کرائے کم نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو اس حوالے سے فوری رپورٹ پیش کر نے کی ہدایت کی ۔