پاکستان ریلویز اور پوسٹل لائف انشورنس میں پانچ سال کا معاہدہ طے پا گیا، دوران سفر انتقال کرنے والے مسافر کے لواحقین کو آٹھ لاکھ روپے ،زخمی کے لواحقین کو پچاس ہزار روپے دیئے جائینگے؛وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق

اتوار 8 فروری 2015 09:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8فروری۔2015ء)پاکستان ریلویز اور پوسٹل لائف انشورنس میں پانچ سال کا معاہدہ طے پا گیا ہے جس میں سفر کے دوران انتقال کرنے والے مسافر کے لواحقین کو آٹھ لاکھ روپے اور زخمی ہونیوالے کے لواحقین کو پچاس ہزار روپے دیئے جائینگے اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں بہتری آسکتی ہے تو باقی اداروں میں کیوں نہیں آسکتی ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ریلوے اور پوسٹل لائف انشورنس میں پانچ سال کا معاہدہ طے پاگیا ہے مسافروں کی انشورنس کے حوالے سے بتایا گیا کہ سفر کے دوران انتقال کرنے والے مسافر کے لواحقین کو آٹھ لاکھ روپے جبکہ زخمی ہونے والے مسافر کو پچاس ہزار روپے دیئے جائینگے ریلوے میں سالانہ پانچ کروڑ مسافر سفر کررہے ہیں ریلوے کو سالانہ ستر کروڑ روپے کرایہ آتا ہے جو میرے نزدیک بہت قلیل ہے اس لئے ریلوے کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا ماضی میں ہونیوالی ریلویز کی زمینوں کی لوٹ سیل کا خاتمہ کیاجائے گا ملک بھر میں ریلویز کی زمینوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائز کرینگے ریلوے کی زمینوں پر ترقیاتی کام کئے جائینگے جس میں ریلوے کی زمینوں پر بڑے شاپنگ مال اور پلازے بنائے جائینگے ریلوے میں ایماندار افسروں کی کمی نہیں ریلوے کے خسارے میں مسلسل کمی لارہے ہیں ابھی ابتداء کی ہے کام کرنا ہے ابھی باقی ہے اس موقع پر انہوں نے سیاستدانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سیاست میں جس کو جلدی ہے مشورہ ہے کہ وہ جلدی ترک کردیں کیونکہ سیاستدانوں کو جلد بازی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے بلکہ ملک کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملک کے بارے میں سوچنا چاہیے اگر پاکستان ریلوے میں بہتری آسکتی ہے تو باقی اداروں میں بھی کیوں نہیں آسکتی ۔