توقع ہے یواے ای آئی ایس کیخلاف اتحادکا حصہ بنے گا،امریکی عہدیدار

اتوار 8 فروری 2015 09:57

میونخ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8فروری۔2015ء)امریکہ کے اعلیٰ سفارت کار جان کیری کی خلیجی ممالک کے وزراء سے ملاقات کے بعد ایک سینئر امریکی اہلکار نے گزشتہ روز بتایا توقع ہے کہ متحدہ عرب امارات آنے والے دنوں میں دولت اسلامیہ گروپ سے برسرپیکار امریکہ کی قیادت میں فوجی اتحاد کے طور پر اپنے فضائی مشن بحال کردے گا۔

(جاری ہے)

اس اہلکار نے میونخ میں صحافیوں کو بتایا کہ متحدہ عرب امارات نے جہادیوں کی طرف سے اردنی ہوا باز کے بہیمانہ قتل کے بعد پروازیں معطل کردی تھیں، تاہم اس بارے میں خاصا غم و غصہ پایا جاتا ہے کہ ہوا باز پر کیا بیتی ہے اور متحدہ عرب امارات نے کیری کو بتایا کہ وہ آئندہ چند ایک روز میں پروازیں بحال کردے گا ۔

متحدہ عرب امارات نے شام اور عراق میں بہت بڑے علاقے پر قبضہ کرنیوالے انتہا پسندوں کو شکست سے دو چار کر نے کی کوشش کے لئے امریکہ کی طرف سے قائم کیے گئے اتحاد کے بارے میں اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ایک اور امریکی اہلکار نے کہاکہ تمام خلیجی ممالک میں دولت اسلامیہ کی طرف سے اردنی ہوا باز کو زندہ جلائے جانے کا بہیمانہ واقعہ متحدہ ہونے کا باعث بنا ہے اور انہوں نے انتہا پسندوں کے گروپ کے عربی نام کو استعمال کرتے ہوئے داعش سے لڑائی کرنے کے اپنے عزم کو دو چند کردیا ہے