یوکرائن بحران کے حل کیلئے فرانس جرمنی کاوش غیر یقینی ہے،انجیلا مرکل ،مزید ہتھیار تنازعہ کو حل نہیں کریں گے، اس کا کوئی فوجی حل نہیں ہے،جرمن چانسلر کا میونخ سیکورٹی کانفرنس سے خطاب ،فرانس جرمنی کوشش یوکرائن میں جنگ سے بچنے کا آخری موقع ہے، فرانسو اولاند

اتوار 8 فروری 2015 09:56

میونخ ،پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8فروری۔2015ء)جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے کہا ہے کہ روس کے ساتھ یوکرائنی بحران کے خاتمے کیلئے فرانس جرمنی کی تازہ ترین کوشش غیر یقینی نظر آرہی ہے تاہم جاری خون خرابے کے خاتمے کیلئے یہ سودمند کوشش ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات غیر یقینی ہے کہ آیا یہ کوشش کامیابی کا باعث بنے گی،تاہم میرے اور فرانسیسی صدر فرانسو اولاند کے نکتہ نظر سے یقینا یہ قیمتی کوشش ہے۔

انہوں نے ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اپنی اور اولاند کی ملاقات کے ایک روز بعد میونخ سیکورٹی کانفرنس کو بتایا کہ میرے خیال میں ہم یہ سب کچھ ان لوگوں کیلئے کرنا چاہتے ہیں جو یوکرائن میں متاثر ہیں۔جرمن چانسلر نے مزید کہا کہ وہ مغرب کی جانب سے یوکرائن کو ہتھیاروں کی فراہمی کے خیال کی مخالفت کرتی ہیں اور کہا کہ مزید ہتھیار تنازعہ کو حل نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں مزید ہتھیاروں سے یوکرائن میں جو پیشرفت درکار ہے ،حاصل نہیں کی جاسکے گی،مجھے اس حوالے سے بے حد شکوک وشبہات ہیں اور مزید بتایا کہ خطے میں پہلے ہی بہت سے ہتھیار ہیں۔میونخ سیکورٹی کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ میں اس بات پر مکمل طور پر قائل ہوں کہ تنازعے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ دوسری جانب فرانسیسی صدر فرانسو اولاند نے ہفتہ کے روز کہا ہے کہ فرانس جرمنی کی یوکرائنی تنازعہ کے خاتمے کیلئے موجودہ کوشش سابق سوویت ملک میں جنگ سے بچنے کا آخری موقع ہے۔

فرانسیسی رہنما نے جنوبی فرانس کے دورے کے موقع پر کہا کہ میرے خیال میں یہ آخری مواقعوں میں سے ایک ہے،اگر ہم دیرپا امن معاہدہ کرانے میں ناکام رہتے ہیں تو ہم اچھی طرح سے صورتحال پیدا ہونے سے واقف ہیں ،اس کا ایک نام ہے اور اسے جنگ کہا جاتا ہے

متعلقہ عنوان :