مہمند ایجنسی ‘سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ‘7 دہشت گرد ہلاک ،دہشت گردوں کی لاشیں پولیٹیکل انتظامیہ کے حوالے کردیں‘ آئی ایس پی آر، گولیوں سے چھلنی 6 افراد کی لاشیں برآمد‘ شناخت کیلئے ہسپتال منتقل

اتوار 8 فروری 2015 10:07

مہمند ایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 8فروری۔2015ء)مہمند ایجنسی میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ 6افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں ملی ہیں ،پولیٹیکل انتظامیہ نے تمام لاشوں کو تحویل میں لے لیا ہے ۔ ہفتہ کے روز مہمند ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ،آئی ایس پی آر نے سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سکیورٹی فورسز پر حملہ کرنے والے 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں جھڑپ دہشت گردوں کی نقل وحرکت کو روکنے کے بعد شروع ہوئی۔

دہشت گردوں کی لاشیں تحویل میں لیکر پولیٹیکل انتظامیہ کے حوالے کر دی ہیں ۔ادھرمہمند ایجنسی کے علاقے یکہ غنڈ سے 6 افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں ملی ہیں تاہم لاشوں کی شناخت نہیں ہوئی سکی ہے ،خاصہ دار فورس نے لاشوں کی تصدیق کی ہے اوربتایا کہ یکہ غنڈ سے6 افراد کو بری طرح گولیوں کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کی تصدیق تاحال ممکن نہیں ہو سکی ہے لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں پر ان کی شناخت جاری ہے ۔

(جاری ہے)

ادھر پولیٹیکل انتظامیہ نے بتایا کہ 6 افراد کو بری طرح مارا گیا ہے جس کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی ہے ،شناخت ہونے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا کہ آیا کہ یہ6 افراد کا تعلق کس قبیلے سے ہے۔