خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات مئی میں کرا دیئے جائیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر، پنجاب میں بلدیاتی انتخابات رواں سال نومبر میں ہوں گے،قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمشنر

ہفتہ 7 فروری 2015 09:16

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 7فروری۔2015ء ) چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خا ن کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات مئی میں کرا دیئے جائیں گے۔اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات سے متعلق اجلاس میں پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے صوبائی الیکشن کمشنرز نے شرکت کی اس موقع پر تینوں صوبوں میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس حوالے سے حائل مشکلات کا جائزہ لیتے ہوئے اسلام آباد اور کنٹونمنٹ بورڈ میں بھی بلدیاتی الیکشن کے انعقاد سے متعلق امور زیر غور آئے۔

اجلاس کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کے پی کے حکومت کی درخواست پر مئی میں بلدیاتی انتخابات کرا دیئے جائیں گے جبکہ پنجاب اور سندھ میں نئی حلقہ بندیوں کے بعد تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمشنر شیر افگن نے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات رواں سال نومبر میں ہوں گے، انہوں نے بتایا کہ صوبائی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریوں کے بارے میں الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا اور کہا ہے کہ حلقہ بندیوں سے متعلق کیے جانے والے اقدامات اپنے حتمی مراحل میں ہیں جس کے بعد صوبائی حکومتیں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنا سکیں گی، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز الیکشن کمشنر سردار رضا خاں کی صدارت میں اجلاس کے بعد بریفنگ میں بتائی، انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں بھی بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں ہو رہی ہیں جبکہ سندھ میں آئندہ سال تک لوکل انتخابات ہوں گے، قائم مقام سیکرٹری الیکشن کمشنر کے مطابق تین صوبوں کے حکام نے الیکشن کے انعقاد کی حتمی تاریخیں نہیں بتائی تاہم ان کا کہنا تھا کہ چند روز میں اس ضمن میں الیکشن کمشن کو آگاہ کردیا جائے گا، اجلاس کے دوران ملک بھر کے کنٹونٹمنٹ بورڈ میں انتخابات کے انعقاد سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا۔