سینٹ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کیخلاف اپیلوں کی سماعت چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کریں گے،کاغذات نامزدگی داخل کرانے کیلئے امیدواروں کے تجویز اور تائید کنندہ کی موجودگی بھی لازم قرار دے دی گئی

جمعہ 6 فروری 2015 08:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6فروری۔2015ء)سینٹ انتخابات کے لئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد یامنظور کئے جانے کے خلاف اپیلوں کی سماعت خود چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران کریں گے جس کے لئے وہ اپیلٹ اتھارٹی ہونگے جبکہ سینٹ انتخابات کے دوران کاغذات نامزدگی داخل کرانے کیلئے امیدواروں کے تجویز اور تائید کنندہ کی موجودگی بھی لازم قرار دے دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سینٹ انتخابات چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران سینٹ الیکشن کیلئے اپیلٹ اتھارٹی ہونگے اپیلوں کی تعداد کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا کہ ممبران علیحدہ علیحدہ سماعت کریں یا پورا کمیشن ہی چیف الیکشن کمشنر کی سماعت میں اس کی سربراہی کرے ۔ سینٹ انتخابات میں سولہ اور سترہ فروری کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی اس کے بعد ہی اس کی منظوری اور مسترد کئے جانے پر اپیلیں دائر کی جاسکیں گی جبکہ الیکشن کمیشن نے سینٹ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانچ پڑتا ل کے دن امیدواروں کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کی موجودگی لازمی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی ایک کی غیر موجودگی میں کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے جائینگے ۔