سی ڈی اے کا غیر ملکی سفارتخانوں کو سکیورٹی کے نام پر رکاوٹیں اور تجاوزات ہٹانے کیلئے وزارت خارجہ کے ذریعے نوٹس ارسال کرنے کا فیصلہ، نوٹس آئندہ ہفتے ارسال کئے جانے کا امکان

جمعہ 6 فروری 2015 08:32

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6فروری۔2015ء) کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) نے غیر ملکی سفارتخانوں کو سکیورٹی کے نام پر رکاوٹیں اور تجاوزات ہٹانے کیلئے وزارت خارجہ کے ذریعے نوٹس ارسال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ نوٹس آئندہ ہفتے ارسال کئے جانے کا امکان ہے ۔ سپریم کورٹ نے چیئرمین سی ڈی اے کو حکم دیا تھا کہ سفارتخانوں اور دیگر شہری علاقوں میں جہاں بھی سکیورٹی کے نام پر تجاوزات ہیں ان کو ختم کرنے کا ٹائم فریم دیا جائے ۔

(جاری ہے)

ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا ہے کہ سی ڈی اے نے سپریم کورٹ کے حکم پر باقاعدہ کارروائی شروع کردی ہے اور اس حوالے سے غیر ملکی سفارتخانوں کو وزارت خارجہ کے ذریعے نوٹسز جاری کئے جائینگے جبکہ چیئرمین سی ڈی اے پیر کے روز سپریم کورٹ میں جواب میں م وقف اختیار کرینگے عدالت ان رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے دس سے پندرہ دن کا وقت دے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے پہلے ہی عدالت کو شہر کے اندر تمام تر رکاوٹوں بارے تفصیلات سے آگاہ کرچکی ہے ۔ جسٹس جواد ایس خواجہ نے اس حوالے سے ٹائم فریم مانگا تھا اور چیئرمین سی ڈی اے سے کہا تھا کہ اگر رکاوٹیں ختم نہ کی گئی تو عدالت آرٹیکل 190کا استعمال کرسکتی ہے جس کے تحت تمام ادارے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کے پابند ہیں ۔

متعلقہ عنوان :