مصر،کے ایف سی پر حملے میں ایک شخص کی ہلاکت،سینائے میں کارسواروں کی فائرنگ سے ایک پولیس افسر ہلاک

جمعہ 6 فروری 2015 08:45

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6فروری۔2015ء)مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے شمال میں واقع ایک قصبے میں کینٹکی فرائیڈ چکن (کے ایف سی) ریستوران پر حملے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

مصر کی سرکاری خبررساں ایجنسی مینا کی رپورٹ کے مطابق قاہرہ سے اسی کلومیٹر شمال میں واقع صوبے منوفیا کے قصبے میں موٹر سائیکل پر سوار مسلح افراد نے پہلے کے ایف سی ریستوران پر آتش گیر مادہ پھینکا اور اس کے بعد فائرنگ شروع کردی جس سے ریستوران کو آگ لگ گئی۔

حملے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔ادھر شورش زدہ صوبے شمالی سینائے کے دارالحکومت العریش میں نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے ایک ہوٹل کے باہر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں ایک پولیس افسر ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔سینائے سے تعلق رکھنے والے ایک سکیورٹی ذریعے نے العربیہ نیوز چینل کو بتایا ہے کہ حملہ آور ایک کار میں سوار تھے۔