بنگلہ دیش، پیٹرول بم حملے میں مزید دو افراد ہلاک، ایک ماہ سے جاری سیاسی تشدد میں ہلاک ہونیوالوں کی تعداد 60 ہو گئی

جمعہ 6 فروری 2015 08:45

ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6فروری۔2015ء) بنگلہ دیش میں پیٹرول بم کے ایک حملے میں مزید دو افراد کی ہلاکت کے بعد ملک میں ایک ماہ سے جاری سیاسی تشدد میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 60 ہو گئی ہے۔تازہ ترین حملہ جمعرات کو ملک کے شمالی شہر بوگرہ میں ہوا جہاں ایک ٹرک پر پیٹرول بم پھینکا گیا۔پولیس کے مطابق اس حملے سے ٹرک میں آگ لگ گئی اور اس کا ڈرائیور اور ایک تاجر جل کر ہلاک ہوگئے۔

بدھ کو ہی دارالحکومت ڈھاکہ کے نواح میں ایک ٹرین کو بھی نذرِ آتش کر دیا گیا لیکن اس واقعے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔بنگلہ دیش میں گذشتہ ماہ حکومت مخالف مظاہروں کے آغاز کے بعد سے ہوا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے کے بعد قریبی دیہاتوں پر چھاپے مارے گئے ہیں منگل کو بھی ملک کے مشرقی حصے میں چوداگرم نامی قصبے کے قریب بس پر حملے میں سات افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

پولیس نے اس حملے کے بعد اپوزیشن کی رہنما خالدہ ضیا کے خلاف اس حملے پر اکسانے کا مقدمہ درج کیا ہے، تاہم انھوں نے اس الزام سے انکار کیا ہے۔ملک میں ان حالیہ مظاہروں کی کال خالدہ ضیا نے ہی گذشتہ ماہ انتخابات کے ایک برس کی تکمیل پر دی تھی۔بنگلہ دیش میں پولیس نے مظاہروں کے آغاز کے بعد سے اب تک اپوزیشن کے سات ہزار حامیوں کو گرفتار کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :