کشمیری سیاسی و عسکری قیادت کا یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستانی عوام اور حکومت کا شکریہ ،مقبوضہ کشمیر میں آج نماز جمعہ کے اجتماعات میں پاکستان میں امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کر انے کا اعلان، پاکستان کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے ، سید علی گیلانی ،پاکستان کی طرف سے کشمیر کاز کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی سطح پر تاریخی اور غیر متزلزل حمایت قابل ستائش ہے ، میر واعظ عمر فاروق ، مسئلہ کشمیر کے حل بارے پاکستانی حکومت اور عوام کے جذبہ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، سید صلاح الدین ، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔ ظفر اکبر بٹ، پاکستان کا فعال کردار ہی مسئلہ کشمیر کے حل میں معاون ہوگا ۔ پوری پاکستانی اور کشمیری قوم مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے یکجا ہے، فریدہ بہن جی، بھارت کو اب اس حقیقت کو تسلیم کرلینا چاہیے کہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے تک کشمیریوں کو طاقت کے زور پر اپنا حصہ نہیں بنا سکتا ،کشمیر ی قیادت کی گفتگو

جمعہ 6 فروری 2015 09:10

اسلام آباد، مظفر آباد، سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6فروری۔2015ء) مقبوضہ کشمیر کی سیاسی و عسکری قیادت نے جمعرات کو کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کیلئے یوم یکجہتی کشمیر منانے پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی قوم کے ٹھوس موقف سے کشمیری عوام کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں تاہم کشمیری قیادت نے حکومت پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت میں انتہا پسند مودی حکومت کے خطے میں بالادستی قائم کرنے سے متعلق مذموم اور جارحانہ عزائم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرانے کے لئے لائحہ عمل اختیار کریں ۔

یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منانے پر حکومت اور پوری پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ تحریک آزادی کے مسئلے پر پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے کل جماعتی حریت کانفرنس گیلانی گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے سرینگر سے جاری ایک پیغام میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھنے کیلئے قومی اسمبلی کی طرف سے متفقہ طور پرقرار داد منظور کرنے کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ۔

(جاری ہے)

بزرگ رہنماء نے کشمیریوں کی سیاسی ، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھنے پرپاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے امام صاحبان اور علمائے دین سے اپیل کی کہ وہ آج نماز جمعہ کے اجتماعات میں پاکستان میں امن و استحکام اور ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کریں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان گزشتہ 68برس سے ہر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر اٹھاتا رہا ہے اور پاکستان کے کئی حکمرانوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھی کشمیریوں کی خواہشات، امنگوں اور قربانیوں کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم احسان فراموش نہیں ہے اور وہ پاکستان کی بے حد مشکور ہے۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے ایک بیان میں پاکستان کی طرف سے کشمیر کاز کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی سطح پر غیر متزلزل حمایت کو تاریخی قراردیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ اور اوآئی سی جیسے عالمی فورموں پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے اہم کرداراداکیاہے۔

انہوں نے یوم یکجہتی کشمیرمنانے پر پاکستان کی حکومت ، سیاسی جماعتوں اور عوام کا شکریہ بھی اداکیا۔دریں اثناء جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمدخان نے بھی ایک بیان میں یوم یکجہتی کشمیر منانے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اسلامی ممالک سے اپیل کی کہ وہ بھی کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے حصول کی کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کیلئے سال میں ایک دن کا انتخاب کریں تاکہ کشمیریوں کی حوصلہ افزائی ہو۔

حریت رہنما اور جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے سربراہ ظفر اکبر بٹ نے کہا کہ پاکستان نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کو مل کر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق اس معاملے پر پیش رفت کرنی چاہیے ۔

حریت کی سینئر رہنما اور ماس موومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے بھی یوم یکجہتی کشمیر کیلئے پاکستانی عوام اور حکومت کی جانب سے بھرپور جوش و خروش دکھانے پر سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت جس طریقے سے ان دنوں ہر پلیٹ فارم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کررہی ہے یہ انتہائی مثبت پیش رفت ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا فعال کردار ہی مسئلہ کشمیر کے حل میں معاون ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد یہ ہے کہ پوری پاکستانی اور کشمیری قوم مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے یکجا ہے انہوں نے کہا کہ بھارت کو اب اس حقیقت کو تسلیم کرلینا چاہیے کہ کشمیری عوام کو حق خ ودارادیت دینے تک کشمیریوں کو طاقت کے زور پر اپنا حصہ نہیں بنا سکتا ۔ متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے اپنے بیان میں کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے پر حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ جہاں مسلہ کشمیر کے حل کیلئے حکومت پاکستان کی سیای اور سفارتی حمایت قابل تحسین ہے وہیں تاریخ کے اس نازک مرحلے پر کشمیری عوام پر و جملہ مزاحمتی قیادت و جماعتوں کی جانب سے تمام سیاسی و جماعتی حد بندیوں سے بالاتر ہوکر اتحاد و فکر وعمل کا مظاہرہ رواں تحریک مزاحمت کے اہداف میں کامیابی کیلئے ناگزیر ہے ۔