حق خودارادیت بین ا لاقوامی قانون کا مانا ہوا اہم اصول ہے ، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کیخلاف ہونے والے مظالم کا نوٹس لے،ممنون حسین ، نواز شریف، بھارتی سکیورٹی فورسز کے تسلط میں کرائے جانے والے نام نہاد انتخابات آزادانہ اور غیر جانبدارانہ حق خودارادیت کا نعم البدل ہرگز نہیں ہوسکتے، کشمیریوں کی حمائت جاری رکھیں گے،صدر وزیر اعظم کے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغامات

جمعرات 5 فروری 2015 06:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5فروری۔2015ء)صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ حق خودارادیت بین الاقوامی قانون کا مانا ہوا اہم اصول ہے ، عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کیخلاف ہونے والے مظالم کا نوٹس لے ۔ بھارتی سکیورٹی فورسز کے تسلط میں کرائے جانے والے نام نہاد انتخابات آزادانہ اور غیر جانبدارانہ حق خودارادیت کا نعم البدل ہرگز نہیں ہوسکتے پانچ فروری یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ حق خود ارادیت کا قابل احترام اصول بین الاقوامی قانون ہے لیکن 67سال سے زائد گزرنے کے باوجود اس حق سے جموں وکشمیر کے لوگوں کو محروم رکھا گیا یہاں تک کہ اقوام متحدہ کی بیشتر قراردادوں میں بھی اس حق کیلئے وعدے کئے گئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس تضاد کے باوجود جموں وکشمیر کے لوگوں نے اپنی طویل جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے یہ ہمارا پختہ یقین ہے کہ بھارتی سکیورٹی کے مضبوط ہتھیار بھی ہماری آزادی اور حق خودارادیت کے جذبے کو تباہ نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ اپنے حق خودارادیت کے حصول میں مستحکم ہیں اور اس سلسلے میں وہ تمام تکالیف برداشت کرسکتے ہیں اور کسی بھی قربانی سے گریزاں نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنے جرات مندانہ استقلال سے سب پر یہ عیاں کردیا ہے کہ وہ اپنے موقف میں بالکل صحیح ہیں اور آخرکار ان کا عزم غالب آئے گا ہم بین الاقوامی برادری کو مسئلہ کشمیر پر کال دیتے ہیں کہ وہ انسانی حقوق کیخلاف ہونیوالے ظلم کا نوٹس لے جو کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری ہے ۔ اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہمارا جموں وکشمیر کے لوگوں کے ساتھ گہرا اٹوٹ اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی تعلق ہے اور ہم ان کی حق خودارادیت کی اس جنگ میں ان کے ساتھ ہیں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق خوش اسلوبی سے حل کیا جاسکتا ہے ۔

وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے پیدائشی حق خودارادیت کے لیے ان کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھنے کا پختہ یقین دلاتا ہوں اقوام متحدہ کے وعدوں اور بین الاقوامی برادری کی پہیم کوششوں کے باوجود پرعزم کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق دینے سے مسلسل انکار کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے اس بہادرانہ جذبے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو گزشتہ چھ دہائیوں سے زیادہ عرصہ سے سخت جابرانہ سلوک کاسامنا کرنے کے باوجود سرد نہیں پڑا کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں نے بین الاقوامی برادری کو اس عمل کی مذمت پر مجبور کردیا ہے یہ بات سب کے علم میں ہے جموں وکشمیر کے بے گناہ عوام بھارتی سکیورٹی فورسز کے سات لاھک سے زائد اہلکاروں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا نشانہ بن رہے ہیں لاکھوں کشمیری اپنی جانیں قربان کرچکے ہیں ہزارو ں لاپتہ کردیئے گئے ہیں بھارتی سکیورٹی فورسز کشمیری خواتین کی عصمت دری جاری رکھے ہوئے ہیں وہ خواتین جن کے افواج نے لاپتہ کردیئے کئی عشروں سے بیواؤں کی طرح بدترین اور ناقابل بیان حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میری حکومت مسئلہ کشمیر کے فوری حل پرزور دیتے ہیں میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سلامتی کونسل کے ارکان اور بین الاقوامی برادری سے پرزور مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ بے یارومددگار کشمیری عوام کے مصائب کے خاتمہ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں میں ایک بار پھر پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ جموں کشمیر کے تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں منصفانہ اور پرامن انداز میں حل کیا جائے میں اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہوں کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن قائم کیاجاسکتا ہے مجھے یقین ہے کہ سات لاکھ بھارتی سکیورٹی فورسز کے تسلط میں کرائے جانے والے نام نہاد انتخابات آزادانہ اور غیر جانبدارانہ حق خودارادیت کا نعم البدل ہرگز نہیں ہوسکتے ۔

دریں اثناء وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ چھ دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو انسانی حقوق کی بدترین پامالی اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کا سامنا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے محروم رکھ جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت پاکستان کی جانب سے عالمی برادری سے یہ اپیل کرتا ہوں کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم مردوں عورتوں اور بچوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کا ادارک کرے ہم ایک دفعہ پھر عالمی برادری عالمی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا ، عالمی مبصرین سے مسئلہ کشمیر کے حل کی امید کرتے ہیں تاکہ کشمیر میں استصواب رائے کی راہ ہموار اور کشمیری عزت اور وقار کی زندگی بسر کرسکیں ۔