پاکستانی سفارتی اہلکار کو بنگلہ دیش سے وطن واپس بلالیا گیا

جمعرات 5 فروری 2015 06:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5فروری۔2015ء) بنگلہ دیش کی حکومت نے پاکستان کے سفارتی اہلکار کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے پاکستان واپس بھیج دیا ہے۔نجی ٹی وی نے سفارتی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ بنگلہ دیش نے ڈھاکا میں موجود پاکستانی سفارتی اہلکار پر دہشت گردوں سے روابط کا الزام عائد کیا اور وہ ہندوستانی کرنسی کے غیر قانونی کاروبار میں بھی ملوث ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سفارتی اہلکار مظہر خان وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے واقعے کی تصدیق کردی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کی جانب سے ڈھاکا میں مقیم پاکستانی سفارتی اہلکار پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں اور ’یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے‘۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سفارتی کشیدگی میں اضافے کے باعث بنگلہ دیش نے پاکستانی سفارتی اہلکار کو نا پسندیدہ شخصیت قرار دیا ہے۔

گذشتہ ماہ جنوری میں بنگلہ دیش کی پولیس نے چار مبینہ داعش کے کارکنوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا اور الزام عائد کیا تھا کہ گروپ کے لیڈر کا کہنا ہے کہ اس نے ٹریننگ پاکستان میں حاصل کی۔واضح رہے کہ دسمبر 2013 میں پاکستانی پارلیمنٹ میں جماعت اسلامی بنگلہ دیش کے رہنما عبدالقدیر ملا کو پھانسی دینے کے خلاف پاس کی جانے والی قرار داد پر بنگلہ دیش کی حکومت نے پاکستانی سفیر کو وضاحت کیلئے طلب کرلیا تھا۔

متعلقہ عنوان :