ایم کیو ایم کے رہنما نبیل گبول ایم کیو ایم کو چھوڑ کرقومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے ،ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے استعفے کی تصدیق کر دی

بدھ 4 فروری 2015 08:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔ 5فروری۔2015ء)ایم کیو ایم کے رہنما نبیل گبول نے ایم کیو ایم کو چھوڑ کرقومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہو گئے ۔ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے استعفے کی تصدیق کر دی ۔منگل کے روز پیپلز پارٹی کو چھوڑ کر ایم کیو ایم کی پارٹی میں شامل ہونے والے نبیل گبول نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ساتھ تحفظات شدید ہونے پر پارٹی کو چھوڑنے کا اعلان کر دیا اور قومی اسمبلی سے اپنا استعفے دیکر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کو بھجوا دیا ہے ۔

رپورٹس کے مطابق نبیل گبول کے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ساتھ شدید اختلافات تھے جس کا اظہار نبیل گبول نے ایم کیو ایم کی اعلی قیادت سے بھی کئی بار اظہار کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی مجھے اجلاسوں میں نہیں بلاتی اور غیر حاضری لگا دیتے ہیں اور الطاف حسین کو غلط بیانی کرتے ہیں کہ نبیل گبول کو میٹنگ میں بلاتے ہیں اور وہ نہیں آتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کے کچھ ارکان میرے خلاف پراپیگنڈا کررہے ہیں اور میرے اور الطاف حسین کے درمیان اختلاف پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں ۔ادھر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے تصدیق کی ہے کہ نبیل گبول سے چار دن پہلے ہی استعفے مانگ لیا گیا تھا ۔رابطہ کمیٹی کے مطابق نبیل گبول پارٹی کی تنظیمی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرتے رہے ہیں ۔ادھر ایم کیو ایم لندن نے بھی نبیل گبول کے حوالے سے خبروں کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ابھی تک نبیل گبول کا استعفے موصول نہیں ہوا ہے تاہم موصول ہونے کے بعد استعفے کی منظوری یا نہ منظوری کا فیصلہ الطاف حسین ہی کریں گے