سندھ ہائی کورٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باوٴلر محمد عامر پر تاحیات پابندی لگانے کی درخواست دائر ، عدالت نے دراخوست منظور کرلی ، سماعت 16فروری کو ڈویژن بینچ کریگا

منگل 3 فروری 2015 08:14

کراچی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3فروری۔2015ء)سندھ ہائی کورٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باوٴلر محمد عامر پر تاحیات پابندی لگانے کی درخواست دائر کردی گئی ، عدالت نے دراخوست منظور کرلی ، سماعت 16فروری کوجسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں ڈویژن بینچ کریگا۔سندھ ہائی کورٹ میں رانا فیض الحسن نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ جو کھلاڑی دنیا بھر میں قوم کی بدنامی کا باعث بنا، اسے کھیل میں واپسی کی اجازت نہیں ملنی چاہیے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی ہے جس سے ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔اس درخواست میں حکومت پاکستان، چیئرمین پی سی بی اور محمد عامر کو فریق بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں ڈویڑن بینچ اس درخواست کی سماعت کرے گا اور اگلی سماعت 16 فروری کو ہو گی۔

عدالت نے وفاقی سیکریٹری قانون کے ذریعے حکومت پاکستان، چیئرمین پی سی بی اور محمد عامر کو نوتس بھی جاری کر دیے ہیں۔یاد رہے کہ 2010 میں انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں محمد عامر، محمد آصف اور اس وقت کے کپتان سلمان بٹ پر اسپاٹ فکسنگ کے الزام میں سزا عائد کردی گئی تھی۔تاہم عامر کی عمر کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی نے ان کی سزا میں نرمی کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے دی تھی۔

متعلقہ عنوان :