ملک بھر میں پٹرول وافر مقدار میں دستیاب ہے،وزارت پٹرولیم،ایک لاکھ سترہ ہزارمیٹرک ٹن ملک میں دستیاب ہے جبکہ گیارہ مزیدجہاز فروری میں ساڑھے تین لاکھ میٹرک ٹن پٹرول لیکر پاکستان آئیں گے،بیان

منگل 3 فروری 2015 08:44

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3فروری۔2015ء) وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل نے واضح کیا ہے کہ پنجاب سیمت ملک بھرمیں پٹرول وافر مقدار میں دستیاب ہے، پٹرول کی قلت کا قطا ًکوئی خدشہ نہیں، پٹرول کی سپلائی میں مکمل طور پر بحال ہے اور ملک بھر میں پٹرول پمپس پرطلب سے زائد مقدار میں پٹرول مہیا کیا جا رہا ہے۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل اور تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیاں صورتحال کی چوبیس گھٹے نگرانی کر رہی ہیں۔

وزارت پٹرولیم نے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت جاری کر رکھی ہیں کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر ڈیمانڈ کو پورا کرنے کیلئے وہ اپنے ڈیپواور پمپوں کے ٹنک بھرے رکھیں۔ اس کے علاوہ تمام صوبوں بشمول پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا ، بلوچستان اور گلگت بلتستان، کے چیف سیکریٹریزاور ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ وہ پٹرول کی سپلائی کو یقینی بنانے میں مدد فراہم کریں تاکہ عوام کو مشکلات پیش نہ آئیں۔

(جاری ہے)

بارہ ہزار پانچ سومیٹرک ٹن کی یومیہ اوسط طلب کے مقابلے میں یکم فروری کو ملک بھر میں 33ہزارمیٹرک ٹن پٹرول فروخت ہوا ۔ اس میں سے اکیس ہزارمیٹرک ٹن صرف پنجاب میں فروخت ہوا جبکہ بقیہ بارہ ہزارمیٹرک ٹن ملک بھر میں فروخت ہوا۔ ملک بھر میں اس وقت ایک لاکھ سترہ ہزارمیٹرک پٹرول دستیاب ہے جبکہ فروری کے مہینہ میں گیارہ جہازوں کے ذریعے ساڑھے تین لاکھ میٹرک ٹن پٹرول در آمد کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ایک لاکھ تیس ہزارمیٹرک ٹن مقامی آئل ریفائنریز سے دستیاب ہوگا۔ اس طرح فروری کے مہینہ کیلئے طلب سے زیادہ پٹرول دستیاب ہے۔ عوام پٹرول کی قلت کے حوالے سے خبروں پر توجہ نہ دیں اورمعمول کے مطابق پٹرول کی خریداری جاری رکھیں۔اس کے علاوہ ڈیزل اور دوسری مصنوعات بھی وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل میں قائم کردہ مانیٹرنگ سیل میں ہفتہ کے سات دن چوبیس گھنٹے کے بنیاد پر پٹرول کے ترسیل کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ اس حوالہ سے وزیر اعظم پاکستان اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :