سینٹ میں قومی سلامتی پالیسی پر بحث،قومی سلامتی پالیسی کی تشکیل حکومت کی کامیابی ہے ،مدارس کورجسٹرڈکرنے کیلئے صوبائی حکومتوں کوہدایات جاری کی ہیں،بلیغ الرحمان،سیکورٹی پالیسی کوزیربحث نہ لاکرحکومت پرشکوک وشبہات بڑھ گئے ہیں ،فرحت اللہ بابر،حکومت دوہری پالیسی ختم کرے تب ملک بچے گا،عبدالحسیب،پوراملک دھماکوں کی زدمیں تھا،نوازشریف نے حالات سدھارے ہیں ،جعفر اقبال،فوج لڑرہی ہے کریڈٹ حکومت لے رہی ہے ، تمام ایم اویوفراڈثابت ہوئے ،کامل آغا،مدرسہ کی بات کرتے ہیں غیرملکی تنظیموں کی بات نہیں کرتے ،حاجی غلام علی

منگل 3 فروری 2015 09:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3فروری۔2015ء)وزیرمملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمن نے سینٹ میں قومی سلامتی پالیسی پربحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ قومی سلامتی پالیسی کی تشکیل حکومت کی کامیابی ہے ،ماضی کی حکومتیں ناکام ہوئیں یہ پہلی داخلہ سلامتی پالیسی ہے جومفصل ہے اور اس میں تمام چیزوں کااحاطہ کیاگیاہے ،امن وامان صوبائی معاملہ ہے تاہم یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے ،ہر کوئی اپنی ذمہ داری پوری کرے ،پالیسی کے تحت مذاکرات کواولین ترجیح ہے ،اگرناکام ہوئے توطاقت کااستعمال ہوگا،اس پالیسی کے تحت دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب شروع کیا،وزیرمملکت نے کہاکہ اس پالیسی کے تحت نٹی انسداد دہشتگردفورس کاقیام کیا گیاہے ،40انٹی دہشتگردگاڑیاں صوبوں کودی گئی ہیں ،اہم ائیرپورٹس پرجدیدتکنیکی آلات نصب کردیئے گئے ہیں ،سائبرکرائم کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں ،سائبرکرائم بل قومی اسمبلی میں پیش کیاجائیگا،تحفظ پاکستان آرڈیننس انٹی منی لانڈرنگ بل قومی سلامتی بارے داخلہ پالیسی کے تحت منظورہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

مشرف دورمیں مدارس کورجسٹرڈکرنے کی کوشش ہوئی تھی لیکن کامیاب نہیں ہوئے ،حکومت مدارس کی قیادت سے بات چیت کررہی ہے اورمدارس کورجسٹرڈکرنے کیلئے صوبائی حکومتوں کوہدایات جاری کی ہیں اوراس پرکام تیزی سے جاری ہے ۔قبل ازیں پیپلزپارٹی کے سینیٹرفرحت اللہ بابرنے داخلی سلامتی پالیسی کوایوان میں زیربحث لانے کی قراردادپیش کی اور کہا کہ دس ماہ ہوچکے ہیں جب یہ پالیسی منظورہوئی ہے ،وزیرداخلہ ایوان میں نہیں آئے ،حکومت دعویٰ کرتی ہے کہ وہ دہشتگردوں کے خلاف ایکشن لے رہی ہے ،ایوان میں سیکورٹی پالیسی کوزیربحث نہ لاکرحکومت پرشکوک وشبہات بڑھ گئے ہیں ،اس پالیسی کے تحت مدرسہ اصلاحات لانی تھیں ،انٹیلی جنس اداروں کوایک آرگنائزیشن کے تحت لاناتھا،10ماہ گزرنے کے باوجودحکومت نے وعدہ پورانہیں کیا،33ایجنسیوں کوایک پلیٹ فارم پرنہیں لایاجاسکااس مقصدکیلئے حکومت نے کوئی اقدام نہیں اٹھایا،حکومت نے آئی ایس آئی کوسویلین کنٹرول میں لانے کاوعدہ کیالیکن ابھی تک عمل نہیں کیا ۔

فرحت اللہ بابرنے کہاکہ اس پالیسی کے تحت آئی ایس آئی کی ذمہ داری بھی وضع کی گئی ہے کہ قانون نافذکرنے والے اداروں کاکرداربھی قانون میں وضع کیاگیاہے ۔آئی ایس آئی قانون نافذکرنے والاادارہ نہیں ،اس کی ذمہ داری خفیہ معلومات اکٹھی کرناہے ،تمام سیاسی جماعتوں نے اکٹھے ہوکرقومی ایکشن پلان منظورکیاہے یہ کڑواگھونٹ ہے جوجماعتوں نے پیاہے ،سیاسی ونگ موجودہے ،لیکن حکومت وعدوں پرعمل نہیں کررہی اورحکومت کے ویژن پراوردہشتگردی کے خلاف حکومتی اقدامات پرسوالات اٹھ رہے ہیں ،انتہاء پسندگروپوں کوحوصلہ افزائی ہوئی ہے ،جس کے نتیجے میں انہوں نے ریاست کوچیلنج کیاہے ،اب بھی ریاست مخالف عناصرکی تشہیر جاری ہے ۔

فرحت اللہ بابرنے کہاکہ قانون کے تحت کالعدم تنظیمیں کسی دوسرے نام کے تحت کام نہیں کرسکتیں ،لیکن لشکرطیبہ نئے نام جماعت الدعویٰ کے تحت کام کررہی ہے ،کالعدم تنظیمیں مختلف ناموں سے دوبارہ سرگرم ہیں ،حکومت پاکستان خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔مولانامسعودکی جماعت کالعدم ہے لیکن وہ بھی ملک میں سرگرم ہے ،حکومت اس حوالے سے واضح پالیسی اختیارکرے اورملک سے انتہاء پسندی کے خلاف موٴثراقدامات کرے ۔

سینیٹرعبدالحسیب نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کامیاب ہوگی ،صوبائی حکومتوں نے ضرب عضب آپریشن کے نتائج سے نمٹنے کیلئے کیااقدامات اٹھائے ہیں؟مدرسوں کوغیرملکی فنڈنگ نہیں ہورہی؟ ،حکومت دوہری پالیسی ختم کرے تب ملک بچے گا،وزیردفاع اب ملک سے مفرورہوگیاہے ،پوراملک تباہی کے کنارے پہنچ چکاہے ،ملک اسلحہ کاڈھیربن گیاہے حکومت اپنی پالیسیاں وضع نہیں کررہی ۔

پارلیمنٹ کوحکومت اہمیت نہیں دے رہی ،موجودہ حکومت ضیاء الحق کی پیداوارہے ،اوراس آمرکی پالیسیاں اپنارہی ہے ۔نوازشریف تیسری دفعہ وزیراعظم بنے ہیں اپنے مینڈیٹ کااحترام کریں حکومت اپناقبلہ درست کرے ،جمہوری حکومت ہے پارلیمنٹ کااحترام کرے اگراحترام نہیں کریگی توگھرچلی جائے گی۔سینیٹرجعفراقبال نے کہاکہ ملک کی سلامتی کوخطرات کی وجہ ماضی کی حکومتوں کی ناکامی کانتیجہ ہے ،پوراملک دھماکوں کی زدمیں تھا،نوازشریف نے حالات سدھارے ہیں ،امن وامان کی صورتحال بہترہورہی ہے ،آٹھ سال قبل سزائیں ہونے والوں کوپھانسیاں نوازشریف نے دلوائی ہیں ،فوجی عدالتوں کے قیام سے بہتری آئے گی ،حالات جلدبہترہوں گے ،الزامات سے پرہیزکرناچاہئے ۔

مسلم لیگ ق کے کامل علی آغانے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ نیکٹاغیرموٴثرہے اس ادارہ کے تحت چاروں صوبوں میں ادارے بننے تھے ،قومی سلامتی پالیسی پرحکومت عمل نہیں کیا،حکومت نے ابھی تک فوجی عدالتیں قائم نہیں کیں ،جن سے حکومت کی غیرسنجیدگی نظرآتی ہے ،کالعدم تنظیموں کے سربراہوں کاحکومتی لوگوں سے ملاقاتیں ہورہی ہے ،اورتعاون کایقین دلایاگیاہے ،سنجیدگی دکھائیں ورنہ نوازشریف حکومت چھوڑیں ،فوج لڑرہی ہے کریڈٹ حکومت لے رہی ہے ،سرچارج لگانے والوں پرآرٹیکل 62کے تحت کارروائی کی جائے ،حکمران لوٹ مارکرنے میں مصروف ہیں ۔

سیکورٹی معاملات پرحکومت عوام سے فراڈکررہی ہے ،حکومت کے تمام ایم اویوفراڈثابت ہوئے ،پوائنٹ سکورنگ کرنے سے حکومت نہیں چلے گی۔جے یوآئی کے حاجی غلام علی نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہاکہ حکومت میں نہ کسی کے کہنے پرشامل ہوئے تھے اورنہ کسی کے کہنے پرحکومت کوچھوڑرہے ہیں،حکومت بتائے کہ این جی اوزکوسوفیصدفنڈنگ باہرسے آتی ہے یہ ساری این جی اوزامریکہ کی غلام ہیں یہ مدرسہ کی بات کرتے ہیں غیرملکی تنظیموں کی بات نہیں کرتے ،یہ پارلیمنٹیرین این جی اوزکے کھانے فائیوسٹارہوٹلوں میں کھاتے ہیں

متعلقہ عنوان :