تعطیل کے روز بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ ‘ گیس کی عدم دستیابی اور کم پریشر کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار رہے ، شہری اور دیہی علاقوں میں 9سے 14گھنٹے لوڈ شیڈنگ ،گیس نہ آنے کے باعث عوام کو کھانے پینے کی اشیاء بازار سے خریدنا پڑیں

پیر 2 فروری 2015 08:28

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2فروری۔2015ء) تعطیل کے روز بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ ‘ گیس کی عدم دستیابی اور کم پریشر کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار رہے ، شہری اور دیہی علاقوں میں 9سے 14گھنٹے لوڈ شیڈنگ ریکارڈ کی گئی جبکہ گیس کی عدم دستیابی کے باعث عوام کو کھانے پینے کی اشیاء بازار سے خریدنا پڑیں ۔ذرائع کے مطابق اتوار کے روز سرکاری و پرائیویٹ دفاتر ،تجارتی مراکز اور اور صنعتی سیکٹرز بند ہونے کے باوجود بجلی کی طلب اور رسد میں فرق بر قرار رہا جسکی وجہ سے مختلف شہری علاقوں میں 7سے 9جبکہ دیہی علاقوں میں 12سے 14گھنٹے لوڈ شیڈنگ ریکارڈ کی گئی ۔

علاوہ ازیں سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی معطل ہونے کے باوجود گزشتہ روز بھی لاہور سمیت صوبے کے مختلف مقامات پر گیس کی عدم دستیابی اور کم پریشر کی شکایات بر قرار رہیں ۔

(جاری ہے)

مختلف مقامات پر گیس بالکل دستیاب نہ تھی جبکہ بیشتر مقامات پر گیس کا پریشر نہ ہونے کے برابر رہا جسکے باعث خواتین کو گھریلو امور کی انجام دہی میں مشکلات درپیش رہیں ۔کیو بلاک دھلے فلیٹس کے رہائشیوں نے گزشتہ چھ ماہ سے مسلسل گیس بندش کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایک ہفتے میں ہمارے مسائل کو حل نہ کیا گیا تو ماڈل ٹاؤن میں وزیر اعلیٰ کی رہائشگاہ کے باہر احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :