راولپنڈی اسلام آبادمیٹرو بس منصوبہ کے لیے 68 بسیں کراچی بندرگاہ پہنچ گئیں، اسلام آباد میں منصوبے کا90 فیصد کام مکمل ، منصوبہ رواں ماہ مکمل ہو جائے گا، حنیف عباسی

پیر 2 فروری 2015 08:24

اسلام آباد(آ ن لا ئن)راولپنڈی اسلام آبادمیٹرو بس منصوبہ کے لیے 68 بسیں کراچی بندرگاہ پہنچ گئی ہیں، پراجیکٹ چیئرمین حنیف عباسی نے کہا ہے کہ دھرنے بھی ہوئے اور کئی کروڑ کے اضافی انڈر پاس اور فلائی اووربھی بنے اس کے باوجود لاگت میں اضافہ نہیں کیا گیا،وہ اسلام آباد میں میٹرو بس کے نائنتھ ایونیو سٹیشن پر میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے، سینیٹر بیگم نجمہ حمید، سینیٹر نزہت صادق اور ایم این اے طاہرہ اورنگزیب بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا اسلام آباد میں منصوبے کا نوے فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔ مارچ 2014میں شروع ہونے والا منصوبہ گیارہ ماہ میں مکمل ہونا تھاجو رواں ماہ کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ منصوبے پر طے شدہ چوالیس ارب روپے ہی خرچ ہوں گے۔

(جاری ہے)

لاگت بڑھانے کی خبریں درست نہیں۔ دھرنے نہ ہوتے منصوبہ وقت سے پہلے مکمل کرلیا جاتا۔ ایک سوال پر حنیف عباسی نے بتایا کہ منصوبے کی وجہ سے خراب ہونے والی سڑکیں دوبارہ بنانے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

راولپنڈی کی مری روڈ کا سترہ کلومیٹر کا ٹکڑا بھی نیا بنایا جائے گا۔ میٹرو پروجیکٹ کے اطراف پارکنگ پلازے بھی بنائے جارہے ہیں۔ حنیف عباسی کا کہنا تھاکہ منصوبے کی اڑسٹھ بسیں کراچی بندرگاہ پہنچ چکی ہیں۔ میٹرو بس کی وجہ سے جڑواں شہروں کے گیارہ ٹریفک سگنلز فری ہو جائیں گے۔ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد عوام کو کسی بھی جگہ دھول مٹی نظر نہیں آئے گی۔فروری کے آخر تک میٹرو بس کا آغاز ہوجائے گا۔دھرنوں کے باجود منصوبے کی لاگت میں اضافہ نہیں ہوا۔ خراب ہونے والی سڑکیں بھی دوبارہ بنائی جائیں گی۔