دہلی میں ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے کشمیری طلباء پر ایک بار پھر حملہ، کئی طلباء زخمی

پیر 2 فروری 2015 09:23

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔2فروری۔2015ء) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہندو انتہا پسندوں نے ایک بار پھر کشمیری طلباء پر حملہ کردیا ہے اور انکی مارپیٹ کرکے کئی طلباء کوشدید زخمی کردیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق میڈیا اور دوسرے اداروں سے وابستہ یہ طلباء انٹرن شپ کے لیے نئی دہلی گئے ہوئے ہیں۔ ہندو انتہا پسندوں نے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے حالیہ بیان کے ردعمل میں کشمیری طلباء پر حملہ کردیا ہے جس میں انہوں نے ترال میں بھارتی فوج اور مجاہدین کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں جاں بحق ہونے والے دو کشمیری نوجوانوں کو شہیدقرار دیا تھا ۔

جھڑپ میں بھارتی فوج کا ایک کرنل بھی ہلاک ہوا تھا اور اس بیان پربھارتی میڈیا نے بزرگ رہنما کے خلاف شدید پروپیگنڈا شروع کیا تھا۔

(جاری ہے)

کشمیری طلباء کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ادارے کی طرف جارہے تھے کہ اپنے چہروں پر نقاب اوڑھے ہندو فرقہ پرستوں کا ایک گروپ اچانک ان کے سامنے نمودار ہوااور اندھا دھند انکی مار پیٹ شروع کردی۔انہوں نے اپنا نام ظاہر نہیں کیا تاکہ ان کے اہل خانہ مزید پریشان نہ ہوں اور کہا کہ وہ چند دنو ں میں واپس کشمیر جارہے ہیں۔ واضح رہے یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کشمیری طلباء پر دہلی میں اس طرح حملہ کیا گیا ہو بلکہ ہندو انتہا پسند ہر دفعہ کوئی نہ کوئی بہانہ کرکے کشمیریوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :