آن سان سوچی کے گھر کا دروازہ نیلام ہو گا، نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم آن سان سوچی کی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی کے صدر دفتر کو ملے گی

اتوار 1 فروری 2015 09:40

ینگون (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1فروری۔2015ء )برما کی نوبل انعام یافتہ رہنما آن سان سوچی کے گھر کا گیٹ نیلام کیا جائے گا۔یہ گیٹ سنہ 2007 میں ان کی جماعت کے رنگوں سرخ اور پیلے رنگ میں پینٹ کیا گیا تھا۔ یہ گیٹ برما میں ان کی طویل نظر بندی کے باعث فوجی حکومت کے خلاف جدوجہد کی علامت بن گیا تھا۔آن سان سوچی کے دوست اور حمایتی سوئی ننٹ کا کہنا ہے کہ نیلامی کا آغاز دو لاکھ ڈالر کی رقم سے کیا جائے گا۔

نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم آن سان سوچی کی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی کے صدر دفتر کو ملے گی۔آن سان سوچی نے سنہ 1990 اور سنہ 2000 کی دہائیوں کا زیادہ تر عرصہ گھر میں نظر بندی کے دوران گزارا۔آن سان سوچی نے اسی گیٹ کے پیچھے سے باہر جمع ہونے والے اپنے حامیوں سے خطاب کیا،انھیں حاصل ہونے والی نسبتاً آزادی کے دنوں میں انھوں نے اسی گیٹ کے پیچھے سے باہر جمع ہونے والے اپنے حامیوں سے خطاب کیا تھا۔

(جاری ہے)

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق گھر میں نظر بندی کے دنوں میں یہی گیٹ ان کی جانب سے نافرمانی کے بعض دلیرانہ اقدامات کے لیے سٹیج بنتا رہا۔ سنہ 2010 میں اسی گیٹ کے پیچھے سے انھوں نے اپنی نظر بندی کے خاتمے کا جشن مناتے ہوئے اپنے حامیوں کے لیے ہاتھ لہرایا تھا۔اس کے بعد یہ گیٹ سرمئی رنگ کے دروازوں سے تبدیل کر دیا گیا۔سوئی ننٹ نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں کہا: ’اگر یہ عظیم دروازہ بول سکتا تو برما کی جمہوریت کے لیے 25 سالہ تاریخ بیان کرتا۔‘اس گیٹ کے ساتھ ساتھ آن سان سوچ کے گھر کا نمر ’54 ‘ بھی نیلام کیا جائے گا۔سوئی ننٹ نے تاحال اس نیلامی کے لیے حتمی تاریخ کے بارے میں نہیں بتا یا۔