این اے 122 دھاندلی کیس: دوبارہ کمیشن مقرر کرنے کیلئے عمران خان کی درخواست مسترد،سردار ایاز صادق کے وکیل کا گواہ پیش کرنے سے انکا ر، ٹربیونل نے اگلی سماعت میں اسپیکر قومی اسمبلی کو طلب کرکے سماعت 7فروری تک ملتوی کردی

اتوار 1 فروری 2015 09:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1فروری۔2015ء) این اے 122 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف عذرداری کی سماعت کرنے والے الیکشن ٹریبونل نے عمران خان کی دوبارہ لوکل کمیشن مقرر کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ لاہور کے الیکشن ٹریبونل میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف دائر عذرداری کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران فریقین کے وکلا نے ووٹوں کی جانچ پڑتال کرنے والے لوکل کمیشن پر جرح کی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سردار ایاز صادق کے وکلا کی شہادتیں پیش کرنے جبکہ عمران خان کی طرف سے لوکل کمیشن کے خلاف درخواستوں کی بھی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران ٹربیونل نے عمران خان کی دوبارہ لوکل کمیشن مقرر کرنے کی درخواست مسترد کردی۔سردار ایاز صادق کے وکیل نے گواہ پیش کرنے سے انکارکرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ سردار ایاز صادق آیندہ تاریخ پر اپنا بیان رکارڈ کرائیں گے، جس پر ٹربیونل نے اگلی سماعت میں اسپیکر قومی اسمبلی کو طلب کرکے سماعت 7فروری تک ملتوی کردی۔