پی ٹی آئی کے کار کن بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں،پرویز خٹک،حکومت اتحادی جماعتوں کو ساتھ لیکر کامیابی سے قدم بڑھا رہی ہے، وزیراعلی خیبر پختونخوا

جمعرات 29 جنوری 2015 08:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جنوری۔2015ء)خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے پی ٹی آئی کے کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ مئی کے آغاز میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں اور محکموں کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھیں ہماری حکومت اتحادی جماعتوں کو ساتھ لیکر کامیابی سے قدم بڑھا رہی ہے بلدیاتی انتخابات بھی ہم اکھٹے لڑیں گے ہم نے نئے بلدیاتی نظام میں تمام وسائل اور اختیارات کے علاوہ صوبے کے تیس فیصد ترقیاتی فنڈز بھی بلدیاتی اداروں کو منتقل کر دیئے ہیں جس کے تحت ہر ضلع کو ترقیاتی مقاصد کیلئے 40 کروڑ روپے تک اضافی وسائل مہیا ہونگے جنکے شفاف استعمال سے گلی محلہ کی سطح پر انقلابی تبدیلیوں کا آغاز ہوگااب وویلج کونسل کا ممبر صوبائی اسمبلی کے ایم پی اے سے بھی زیادہ طاقتور ہوگا مخالفین ہماری حکومت کو ناکام کہتے نہیں تھکتے مگر درحقیقت وہ کامیاب اُس سیاستدان اور حکمران کو سمجھتے ہیں جو سب سے زیادہ لوٹ مار کرے وہ تحصیل خال دیر پائیں سے پی ٹی آئی کے مقامی عہدیداروں کے وفد سے باتیں کر رہے تھے جس نے ضلعی صدر فخرالزمان، تحصیل صدر یوسف عدیل اور انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن کے صوبائی صدراخوانزادہ حسین احمد کی معیت میں ان سے وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور تنظیمی اُمور کے علاوہ علاقے کے لوگوں کو درپیش بعض مسائل و مشکلات سے انہیں آگاہ کیا متعلقہ انتظامی حکام کے علاوہ پی ٹی آئی کے صوبائی سیکرٹری جنرل خالد مسعود بھی موجود تھے اس مو قع پر تحصیل خال سے اے این پی کے صدر اور گزشتہ انتخابات میں صوبائی اسمبلی کے اُمیدوار اخوانزادہ اشفاق الرحیم نے اپنے قبیلے اور حامیوں کے 1500 افراد کے ہمراہ پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا اور واضح کیا کہ وہ عمران خان کے تبدیلی کے وژن اور صوبے میں میرٹ، قانون اور انصاف کی بالادستی کیلئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے جراتمندانہ اقدامات سے متاثر ہو کر پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں اور اسکے عوامی ایجنڈے اور اہداف کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے پرویز خٹک نے کہا کہ قومی سیاست کا مستقبل پی ٹی آئی کے ہاتھ میں ہے اور مقام شکر ہے کہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کونسی حقیقی تبدیلی کیلئے انہوں نے اپنا ووٹ اور مینڈیٹ ہمیں دیا ہے مگر بڑے بڑے سیاستدان تبدیلی کے مفہوم سے نابلد ہیں کیونکہ انکے دل و دماغ پر ذاتی مفادات کی چربی چڑھ چکی ہے ہم نظام کی تبدیلی اور محکموں کو عوام کی حقیقی خدمت کا پابند بناکر سکھ کا سانس لیں گے انہوں نے وفد سے سوال کیا کہ پولیس اور دیگر محکموں میں کچھ تبدیلی نظر آئی ہے تو سب نے ہاتھ اُٹھا کر یک زبان جواب دیا کہ بہت زیادہ تبدیلی آئی ہے اور مزید بہتری بھی واضح ہے وزیراعلیٰ نے ضلع کے سکولوں میں طلباء و طالبات کی مقررہ شرح کیمطابق اساتذہ کی ریشنلاائزیشن میں تاخیر کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر یہ عمل مکمل کیا جائے جس میں ناکامی پر متعلقہ ای ڈی او کو فی الفور فارغ کیا جائے کیونکہ ہمارے دور میں کام چوری اور قانون کی خلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہیں اب سکول کی بنیاد پر استاد بھرتی ہونگے جبکہ تبادلوں پر مکمل پابندی ہے دنیا میں اساتذہ کے تبادلوں کا کوئی تصور نہیں اور اسی وجہ سے وہاں تعلیم اور ترقی کا معیار اونچا ہے انہوں نے کہا کہ سکولوں میں چار دیواری اور دیگر ناکافی سہولیات کیلئے تین ارب روپے جاری کئے جارہے ہیں جبکہ تعمیر سکول پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے ہمارے تمام مدارس میں یکساں نظام تعلیم سے آئندہ عشرے میں تعلیمی انقلابی بپا ہوگا ہم نے فنی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی ہے اور اب آزاد ادارے ٹیوٹا کی بدولت بچوں کو وہی تربیت ملے گی جس کی مارکیٹ میں مانگ ہو خلیجی ممالک میں محنت کش پختونوں کی بڑی مانگ ہے مگر ہمارے لوگ ہنر نہ ہونے کی وجہ سے مار کھا جاتے ہیں ہم نے معدنیات اور جنگلات کے وسائل سے سائنسی بنیادوں پر استفادے کیلئے نئی پالیسیاں متعارف کردی ہیں جن پر عمل درآمد سے ہمارے وسائل میں گراں قدر اضافہ ہوگا اب کاربن پلس پالیسی کے تحت جنگلات میں کٹائی کے بغیر مالکان اور حکومت کو کئی گنا زیادہ آمدن ہوگی ہر درخت کی کٹائی پر پانچ نئے درخت اُگانا ہونگے عمران خان کی بلین ٹری سونامی سکیم کے تحت ایک ارب سے زائد درخت لگائے جائیں گے اور یہ کام محکمہ جنگلات کے حوالے کرنے کی بجائے نجی نرسریوں کے حوالے کیا جائے گا جس کی گوگل پر نگرانی ہوگی وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمارے تبدیلی کے پروگرام کی بدولت پولیس، تعلیم وصحت سمیت تمام شعبوں اور محکموں میں امیر اور غریب کو یکساں عزت اور سہولت ملے گی جبکہ گروہی و سیاسی امتیازات و مفادات کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوگا انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کی باگ ڈور سنبھال کر قوم کی تقدیر بدل دینگے اور ایسا کارکنوں کی محنت اور قربانیوں سے ہو گا جس کیلئے ہم سب کو پوری طرح کمر بستہ ہونا ہو گا ہم نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کا سر نیچا نہیں ہونے دیا اور ہمارے ڈیڑھ سالہ دور حکومت کے بعد کارکن فخر سے عوام کے سامنے کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے کرپشن کا گند صاف کرکے شفافیت اور لوٹ مار کی بجائے عوام کی ہر جگہ قدر ومنزلت کا عمل شروع کردیا ہے اب انہیں محکموں سے مایوسی کی بجائے سہولیات ملیں گی سکول وہسپتال میں ویرانی کی بجائے عملہ 24 گھنٹے حاضر و چوکس ملے گا اب ڈویژنل ہسپتال میں علاج کی وہی سہولیات ہونگی جو پشاور میں ہیں جبکہ ضلعی ہسپتال کو بھی خودمختاری دی جارہی ہے جہاں علاج اور ادویات بھی دستیاب ہونگی پرویز خٹک نے دورہ دیر کی دعوت قبول کی جبکہ خال کو سب ڈویژن کا درجہ دینے، زکوة میں مزید شفافیت، بوائز ڈگری کالج، سکولوں کا درجہ بڑھانے، سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر، ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر چلانے اور دیگر مطالبات کا ہمدردانہ جائزہ لینے کا یقین دلاتے ہوئے موقع پر احکامات جاری کئے ۔