وزیراعلیٰ کا ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کا 4گھنٹے طویل دورہ ، صوبائی سکیورٹی کونسل کے اجلاس کی صدارت،ویڈیو لنک سے افسران سے خطاب،پنجاب میں یونین کونسل کی سطح پر ویجلنس کمیٹیوں کے قیام کی منظوری، اے کیٹگری سکولوں میں سکیورٹی کیلئے سابق فوجی جوانوں کی بھرتی کا فیصلہ، دہشت گردی کے خلاف نیشنل ا یکشن پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔شہبازشریف، نجی و سرکاری سکولوں،کالجوں و یونیورسٹیوں میں وضع کردہ سکیورٹی پلان کی موثر مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے، وزیراعلیٰ کی ہدایت

جمعرات 29 جنوری 2015 08:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جنوری۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آج ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول بیدیاں روڈ کا 4گھنٹے طویل دورہ کیا اور پنجاب سکیورٹی کونسل کے اجلاس کی صدارت کی اور ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ اور ڈویژنل کمشنرز کے دفاتر میں افسران سے خطاب کیا-پنجاب سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں صوبے میں امن عامہ کی مجموعی صورتحال ، سکیورٹی انتظامات اور دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا- وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دہشت گردی کے خلاف نیشنل ا یکشن پلان پر موثر انداز میں عملدرآمد کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں- اجلاس میں پنجاب میں یونین کونسل کی سطح پر ویجلنس کمیٹیوں کے قیام کی منظوری دی گئی جبکہ ضلع کی سطح پر بھی ویجلنس کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی- ویجلنس کمیٹیاں نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے مقامی سطح پر کام کریں گی اور کمیٹیاں مقامی سطح پر قابل اعتراض مواد، مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم و لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال کی روک تھام اور وال چاکنگ پر پابندی کو یقینی بنانے کے حوالے سے فرائض سرانجام دیں گی-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کمیٹیوں میں مقامی سطح کے اچھی شہرت کی حامل شخصیات کو شامل کیا جائے -انہوں نے کہاکہ نجی و سرکاری سکولوں میں وضع کردہ سکیورٹی پلان کی موثر مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے - کالجوں و یونیورسٹیوں میں بھی سکیورٹی انتظامات کی باقاعدہ چیکنگ جاری رکھی جائے- اجلاس میں اے کیٹگری سکولوں میں سکیورٹی کیلئے سابق فوجی جوانوں کی بھرتی کا فیصلہ کیا گیا - وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بھرتی کا تمام عمل پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق شفاف اور میرٹ پر مبنی ہونا چاہیے- انہوں نے کہاکہ تعلیمی اداروں میں سکیورٹی انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا -عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے ہرممکن اقدام اٹھایا جا رہاہے- موجودہ غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات کئے گئے ہیں-وزیراعلیٰ نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم ایک ہوچکی ہے- مشترکہ کاوشوں اور اجتماعی بصیرت سے دہشت گردی ، انتہاء پسندی اور فرقہ واریت کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے کچل دیں گے-پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے فوری اور موثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور ضروری قانون سازی کر کے سزاؤں کو مزید سخت کیا گیاہے- وزیراعلیٰ نے کارپورلرز سے ملاقات کی اور ان کی جدید تربیت کے معیار کو سراہا- صوبائی وزراء کرنل (ر) شجاع خانزادہ، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن ، رانا مشہور احمد خان ،اراکین اسمبلی رانا ثناء الله، زعیم حسین قادری، معاون خصوصی رانا مقبول احمد ،چیف سیکرٹری ، انسپکٹرجنرل پولیس ،سیکرٹری داخلہ او رمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :