این اے 122 ،عمران خان کا لوکل کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار ،لوکل کمیشن کے سربراہ کے خلاف الیکشن ٹریبونل میں درخواست دائرکردی،کمیشن نے حکم کی مکمل تعمیل نہیں کی،دھاندلی کے حوالے سے ریکارڈ کو رپورٹ کا حصہ نہیں بنایا،کمیشن کے سربراہ غلام حسین اعوان کیخلاف کارروائی کی جائے ،درخواست میں موقف

جمعرات 29 جنوری 2015 09:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29جنوری۔2015ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے این اے 122 میں ووٹوں کی جانچ پڑتال کے حوالے سے لوکل کمیشن پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے لوکل کمیشن کے خلاف الیکشن ٹریبونل میں درخواست جمع کرادی ۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کے روز تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے لوکل کمیشن کے سربراہ کے خلاف درخواست جمع کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ لوکل کمیشن نے حکم کی مکمل تعمیل نہیں کی اور دھاندلی کے حوالے سے ریکارڈ کو رپورٹ کا حصہ نہیں بنایا لہذا ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ این اے 122 میں جانچ پڑتال کرنے والے لوکل کمیشن کے سربراہ غلام حسین اعوان کے بیان سے کیس پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں اور لوکل کمیشن نے دھاندلی کے حوالے سے ریکارڈ کو رپورٹ کا حصہ نہیں بنایا ۔درخواست میں مزید موقف اختیار کیا گیا کہ لوکل کمیشن نے الیکشن ٹریبونل کے حکم کی مکمل طور پر تعمیر نہیں کی لہذا ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔الیکشن ٹریبونل نے عمران خان کی درخواست پر لوکل کمیشن کے سربراہ غلام حسین اعوان کو 31 جنوری تک طلب کر لیا ہے ۔