شکار پور ،جواری باپ نے جوئے میں جوان بیٹی ہا ر دی ، ملزموں کا ایک ہفتے میں نکاح نہ کروانے پر متاثرہ لڑکی کو اغواء کرنے کی دھمکیاں

بدھ 28 جنوری 2015 08:14

شکار پور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28جنوری۔2015ء) شکار پور میں ایک جواری باپ نے جوئے میں 17سالہ جوان بیٹی ہار گئی، میڈیا رپورٹ کے مطابق آباد کالونی کے رہائشی داد عرف کانڈروشر نے 1 ماہ قبل جوا کا اڈا چلانے والے شخص سے ڈیڑھ لاکھ روپیہ قرض لے کر جوا کھیلا تھا۔

(جاری ہے)

ایک ماہ بعد مذکورہ شخص سے پیسوں کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا تو داد عرف کانڈروشر نے پیسے کے بدلے اپنی نوجوان 17 سالا بیٹی رخسانہ کا رشتہ جوا کا اڈا چلانے والے شخص کے بیٹے کو دینے کی آفر کی جس پر پیسوں کے بدلے رشتے کو قبول کیا گیا۔

واقعہ کے بعد لڑکی کی ماں آسودی شر نے اس رشتے سے انکار کیا اور مقامی وڈیروں کے پاس انصاف کے لئے گئی جس پر مقامی وڈیروں نے مذکورہ خاتون کو پیسوں کے بدلے رشتہ دینے کو درست قرار دیا۔ قرضہ دینے والے شخص نے ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے خاتوں کو دھمکی دی ہے لڑکی کا فوری نکاح کروایا جائے بصورت دیگر اسے اغواء کر لیا جائے گا۔