سرگودھا ،سوئی گیس کے ستائے لوگوں کا سوئی گیس دفتر پر قبضہ ،کئی گھنٹے تک دھرنا ،ملازمین نے سروس جیبوں میں ڈال لئے جبکہ متعدد ملازمین جلوس دیکھ کر بھاگ گئے ،ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی چوہدری حامد حمید‘ رکن صوبائی اسمبلی عبدالرزاق ڈھلوں‘ ڈاکٹر نادیہ عزیز سمیت دیگر سرکاری ملازمین بھی جلوس میں شریک ہوئے

بدھ 28 جنوری 2015 08:06

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28جنوری۔2015ء) سوئی گیس کے ستائے ہوئے لوگوں نے سوئی گیس آفس پر قبضہ کرلیا اور کئی گھنٹے تک دھرنا دیئے رکھا‘ ملازمین نے اپنے سروس کارڈ گلوں سے اتار کر جیبوں میں ڈال لئے جبکہ متعدد ملازمین جلوس دیکھ کر بھاگ گئے سرکاری گاڑیوں کو جلوس کی اطلاع ملنے پر دفتر سے نکال دیا گیا‘ شہر بھر میں ٹریفک کا نظام معطل‘ پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی چوہدری حامد حمید‘ رکن صوبائی اسمبلی عبدالرزاق ڈھلوں‘ ڈاکٹر نادیہ عزیز سمیت دیگر سرکاری ملازمین بھی حکومت کیخلاف نکلنے والے جلوس میں شریک ہوئے گزشتہ روز پاکستان الیکٹرک مینو فیکچرز ایسوسی ایشن نے سوئی گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کیخلاف مکمل ہڑتال‘ ریلی‘ دھرنا کی کال دی تھی جس میں مرکزی انجمن تاجران ‘ بیکو لائٹ مینو فیکچرز‘ ٹریڈرز ‘ براس پارٹس‘ پتل ڈھلائی والے ‘ پرنٹنگ پریس اور ڈائی میکرز نے آر ایم سرگودھا محکمہ سوئی گیس کیخلاف سخت نعرے بازی کی مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نااہل آر ایم کو فوری طور پر تبدیل کرکے اہل آر ایم تعینات کیا جائے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شرکائے ریلی نے کہا کہ سرگودھا شہر کیساتھ محکمہ سوئی گیس والے سوتیلی ماں کا سلوک کررہے ہیں عرصہ 4 ماہ سے مسلسل سوئی گیس کی بندش سے غریبوں کے چولہے بند ہوکر رہ گئے ہیں صبح کا ناشتہ اور رات کا کھانا بھی ہوٹلوں سے کھانے پر مجبور ہیں جبکہ سفید پوش لوگ اپنی عزت بچانے کیلئے سلنڈروں پر گزارہ کررہے ہیں جس پر سرگودھا کی بیکو لائٹ کیساتھ ساتھ تاجر تنظیموں نے گزشتہ روز سرگودھا کی تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج اور ریلی نکالی‘ احتجاجی ریلی بلاک 22 اعظم مارکیٹ سے شروع ہوکر فاطمہ جناح روڈ‘ سیٹلائٹ ٹاؤن چوک‘ جنرل بس اسٹینڈ‘ نیو سیٹلائٹ ٹاؤن سے ہوتا ہوا سوئی گیس آفس پہنچاتو آر ایم محکمہ سوئی گیس نے دفتر کو مکمل طور پر بند کرادیا اور کسی کو اندر آنے کی اجازت نہ دی شرکاء نے کئی گھنٹے تک دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دیا لیکن سوئی گیس کے افسران کی ہٹ دھرمی کے باعث کچھ شرکاء ریلی دفتر کی دیواریں پھلانگ کر اندر پہنچ گئے جس کے بعد دھرنا دینے والے افراد دفتر کے اندر پہنچ کر محکمہ سوئی گیس کے عملہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی جلوس کی اطلاع ملتے ہی آر ایم محکمہ سوئی گیس سرگودھا نے دفتر کے تمام سرکاری گاڑیوں کو دفتر سے نکل جانے کا حکم دیا تھا جلوس کی آمد کے باعث متعدد ملازمین دفتر سے بھاگ گئے‘ تاہم آر ایم سوئی گیس نے اراکین اسمبلی اور شرکائے ریلی کو یقین دلایا کہ سرگودھا میں جاری سوئی گیس کے بحران پر قابو پانے کیلئے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا جارہا ہے احتجاجی ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر آر ایم محکمہ سوئی گیس سرگودھا کے علاوہ دیگر عملہ کیخلاف نعرے بھی درج تھے ‘اس موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے تاہم سرگودھا شہر کی تاریخ کی سب سے بڑی ریلی کے باعث شہر بھر میں ٹریفک کا نظام معطل ہوکر رہ گیا جگہ جگہ ٹریفک کے رش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم ٹریفک پولیس کا عملہ ٹریفک کو گزارنے کیلئے کہیں بھی نظر نہ آیا