وفاقی کابینہ میں ردوبدل اورتوسیع کیلئے وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس ، وزیر اعلی شہبازشریف، چوہدری نثار خان ،راجہ ظفرالحق اوردیگرسینئراراکین کی شرکت

بدھ 28 جنوری 2015 08:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28جنوری۔2015ء)وفاقی کابینہ میں ردوبدل اورتوسیع کیلئے وزیراعظم میاں محمدنواز شریف نے وزیراعظم ہاوٴس میں اعلیٰ سطحی مشاورت کی ہے ،مشاورتی عمل میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف،وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان ،راجہ ظفرالحق اوردیگرسینئراراکین موجودتھے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم ہاوٴس کے اندرونی ذرائع کے مطابق مختلف وزراء کی کارکردگی کاجائزہ لینے کے بعدفیصلہ کیاگیاہے کہ کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے پارٹی کے دیگراراکین کوبھی کابینہ میں شامل کرکے ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کیاجائے۔

ذرائع کے مطابق وزارت قانون ،دفاع اوروزارت خارجہ میں مستقل وزراء تعینات کرنے کابھی فیصلہ ہواہے جبکہ بعض دیگروزارتوں میں وزرائے مملکت بھی مقررکئے جائیں گے۔اسحاق ڈارکی مختلف کمیٹیوں میں بطورسربراہ کام کرنے اوردیگرسیاسی امورمیں مصروفیت کے باعث وزارت خزانہ میں وزیرمملکت بھی مقررکرنے کافیصلہ ہواہے ۔ذرائع نے مزیدبتایاہے کہ ناراض وفاقی وزراء جن میں غلام مرتضیٰ جتوئی سمیت دیگرشامل ہیں کے تحفظات کودورکرنے کیلئے بھی پارٹی کے سینئراراکین کوذمہ داریاں دینے کافیصلہ ہواہے