جوڈیشل کمیشن پر حکومتی عدم دلچسپی اور سینٹ الیکشن،تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس 30جنوری کو طلب،ملک بند کرنے سمیت اہم فیصلوں کا امکان،طاہر القادر ی نے عمران سے ملاقات میں تعاون کا یقین دلادیا، ذرائع

بدھ 28 جنوری 2015 09:01

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28جنوری۔2015ء )تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جوڈیشل کمیشن پر حکومتی عدم دلچسپی اور سینٹ الیکشن میں شرکت کے حوالے سے تیس جنوری کو کور کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا جس میں ملک بند کرنے جیسے فیصلے متوقع ہیں جبکہ عوامی تحریک نے بھی جوڈیشل کمیشن نہ بننے کے حوالے تحریک انصاف کا ساتھ دینے کے حوالے سے آمادگی ظاہر کردی ۔

پیر کے روز تحریک انصاف کے معتبر ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ عمران خان نے جوڈیشل کمیشن نہ بننے اور سینٹ میں الیکشن لڑنے کیلئے تحریک انصاف کا امیدوار کھڑا کرنے کے حوالے سے کور کمیٹی کا اہم اجلاس جمعہ30جنوری کو طلب کرلیا ہے جس میں تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین اور اسد عمر کور کمیٹی کو حکومتی مذاکرات کے ڈیڈ لاک پر بریفنگ دینگے جس کے بعد کور کمیٹی کی جانب سے حکومت کیخلاف سخت فیصلے آنے کا امکان ہے اور ملک کو بند کرنے کا فیصلہ بھی متوقع ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جدہ میں عمران خان اور طاہر القادری کے درمیان اڑھائی گھنٹے طویل ملاقات میں مشترکہ حکمت عملی پر غور کے بعد اتفاق کیا گیا ہے کہ عوامی تحریک جوڈیشل کمیشن نہ بننے کے حوالے سے تحریک انصاف کا اور تحریک انصاف لاہور ماڈل ٹاؤن میں ملوث افراد کو سزا نہ ملنے کے حوالے سے عوامی تحریک کا حکومت کیخلاف احتجاج میں ساتھ دے گی ۔