بائیو میٹرک نظام میں خامیاں،الیکشن کمیشن نے بائیو میٹرک نظام کے تحت انتخابات کرانے کا منصوبہ ختم کردیا، آئندہ عام انتخابات میں پولنگ میں الیکٹرانک مشینوں کے منصوبہ پر کام جاری

منگل 27 جنوری 2015 07:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27جنوری۔2015ء) الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخواہ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بائیو میٹرک مشینوں کے ذریعے پولنگ کا منصوبہ ختم کردیا ہے تاہم آئندہ عام انتخابات میں پولنگ میں الیکٹرانک مشینوں کے منصوبہ پر کام جاری ہے ۔ الیکشن کمیشن ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ بائیو میٹرک نظام خامیوں سے بھرپور ہے جس کے تحت دھاندلی کے زیادہ امکانات ہوتے ہیں۔

بائیو میٹرک نظام میں سو فیصد شفافیت نہیں ہوسکتی۔

(جاری ہے)

پاکستان کی اٹھارہ کروڑ آبادی کو بائیو میٹرک مشینوں پر پولنگ بوتھ پر پہنچانا انتہائی مشکل کام ہے ۔ دوسرا نادرا کے پاس استعداد نہیں ہے کہ وہ بائیو سائنس نظام کے تحت تمام ڈیٹا سوفٹ ویئر میں ڈال سکے۔ اس کے علاوہ فنڈز کی فراہمی بھی اہم مسئلہ ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے مختلف ممالک کے نظام انتخابات کا جائزہ لیا ہے جہاں بائیو میٹرک نظام پر عمل ہے ۔ الیکشن کمیشن نے اس نظام کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے خیر باد کہہ کر الیکٹرانک نظام انتخابات پر کام شروع کردیا ہے۔