قومی کرکٹرز کاصرف 3ماہ کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستحظ کر نے سے انکار ، جب تک ایک سال کا معاہدہ نہیں ملتا کوئی اس پر دستخط نہیں کرے گا،کرکٹرز

پیر 26 جنوری 2015 16:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26جنوری۔2015ء) قومی ٹیم کے کرکٹرز نے صرف 3ماہ کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کو مسترد کرتے ہوئے دستحظ سے انکار کردیا جبکہ ورلڈ کپ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم ان دنوں 2ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے نیوزی لینڈ میں موجود ہے، ذرائع کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کے معاملے پر کھلاڑیوں اور بورڈ میں ٹھن گئی ہے۔

(جاری ہے)

دسمبر میں معیاد ختم ہونے کے بعد پی سی بی نے تین ماہ کے لیے معاہدوں میں تجدید کر دی تھی، اس پر کھلاڑیوں نے سخت برمی کا اظہار کیا اور بیشتر نے معاہدوں پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔

کھلاڑیوں کا موقف ہے کہ صرف 3ماہ کے معاہدے کا کیا جواز ہے، اسی طرح وہ سابق بورڈ سربراہ نجم سیٹھی کے دور میں بننے والے معاہدے کی بعض شقوں سے بھی متفق نہیں ہیں، ذرائع نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز کرائسٹ چرچ میں میٹنگ کے دوران کھلاڑیوں نے فیصلہ کیا کہ جب تک ایک سال کا معاہدہ نہیں ملتا کوئی اس پر دستخط نہیں کرے گا، انھیں پتا چلا ہے کہ چیئرمین شہریارخان کو معاہدوں کی باریکیوں کا علم نہیں تھا، اسی لیے پلیئرز چاہتے ہیں کہ ان کو اس حوالے سے اعتماد میں لیں۔