نیوزی لینڈ ، پریکٹس میچ میں نیوزی لینڈ بورڈ الیون نے پاکستان کو 6وکٹوں سے اپ سیٹ شکست دے دی،کپتان مصباح الحق کی سنچری بھی ٹیم کو جیت نا دلوا سکی

پیر 26 جنوری 2015 16:30

لنکن (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26جنوری۔2015ء) نیوزی لینڈ میں کھیلے گئے پہلے پریکٹس میچ میں نیوزی لینڈ بورڈ الیون نے پاکستان کو 6وکٹوں سے شکست دے دی۔ کپتان مصباح الحق کی سنچری بھی قومی ٹیم کو جیت نا دلوا سکی اور پریکٹس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم نے 313 رنز بنائے۔ کپتان مصباح الحق نے 107 رنز کی اننگز کھیلی، مصباح نے 119 گیندوں پر 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد یہ رنز بنائے۔

عمراکمل نے 59 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 67 رنز کی اننگز کھیلی۔ احمد شہزاد نے 37 اور وہاب ریاض نے 30 رنزبنائے۔نیوزی لینڈ پریذیڈنٹ الیون کے بیسٹمین پاکستانی بولرز کے سامنے ڈٹ گئے اور صرف 4 وکٹوں پر 314 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ ہنری نکولس اور ٹم سیفرٹ نے شاندار سنچری اسکور کی۔ احسان عادل نے 10 اوورز میں 81 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم اپنا دوسرا پریکٹس میچ 27 جنوری کو کھیلے گی۔ پریکٹس میچز کے بعد پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 2 ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ 31 جنوری کو ویلنگٹن اور دوسرا میچ 3 فروری کو نیپئیر میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے 4 فروری کو آسٹریلیا پہنچے گا۔ 9 فروری کو بنگلہ دیش اور 11 فروری کو انگلینڈ کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گا۔ پاکستانی ٹیم ورلڈکپ کا آغاز 15 فروری کو ایڈیلیڈ میں دفاعی چیمپیئن بھارت کے خلاف میچ سے کرے گی۔