فیصل آباد ، ناولٹی پل فائرنگ ، تحقیقاتی ٹیم نے رانا ثناء اللہ ،عابد شیر علی اور ڈی سی اوفیصل آبادکوبے گناہ قراردیدیا،مقدمے کا چالان (آج) عدالت میں پیش کیا جائے گا

پیر 26 جنوری 2015 07:31

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26جنوری۔2015ء)فیصل آبادناولٹی پل فائرنگ کیس میں تحقیقاتی ٹیم نے سابق وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ ،وزیرمملکت عابد شیر علی اور ڈی سی اوفیصل آبادکوبے گناہ قراردے دیا،مقدمے کا چالان (آج) پیر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔8دسمبر 2014 کو عمران خان کی فیصل آبادشہربندکرنے کی کال پر ہونے والے پرتشدد احتجاج میں تحریک انصاف کا ایک کارکن ہلاک ہوگیا تھاواقعہ کے بعد وزیر مملکت عابد شیر علی ،سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ ، رکن پنجاب اسمبلی طاہر جمیل اور ڈی سی او فیصل آباد نور الاامین مینگل سمیت تین سو سے زائد افراد کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ۔

حکومت پنجاب نے ایس ایس پی صاحب زادہ بلال عمرکی سربراہی میں مشترکہ تفتیشی ٹیم تشکیل دی جس نے اپنی رپورٹ تیار کرلی ۔

(جاری ہے)

تفتیشی ٹیم نے رانا ثناء اللہ ،عابد شیر علی ،طاہر جمیل اور نورالامین مینگل کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے کلیئر کردیا رپورٹ میں سیاسی جماعت کے کارکنوں الیاس طوطی ،حافظ عمران اورچھینی اعوان کوہی قصوروارقرار دیاگیا،یہ وہی ملزمان ہیں جو واقعے کے بعد حاصل کی گئی فوٹیج کی مدد سے گرفتارکئے گئے تھے۔تفتیشی ٹیم نے کوئی بھی جرم کسی کے مشورے کے بعد کرنے سے متعلق دفعہ 109 کوبھی مقدمے سے ختم کرنے کی سفارش کی ہے۔مشترکہ تفتیشی ٹیم کی رپورٹ چالان کے ساتھ (آج)پیر کو عدالت میں پیش کی جائے گی ۔