عوامی راج تحریک کی رجسٹریشن کے بعد وہ ملک گیر مہم چلائینگے، جمشید دستی ، مہم کا آغاز سائیکل پر مظفر گڑھ سے شروع کرونگا ، اسلام آباد جا کر اختتام پذیر ہوگی ، عمران خان کے گرد جاگیردار ، صنعتکار اور خواتین اکٹھے ہیں ،خان کا رویہ بھی اپنے اراکین اسمبلی سے نواز شریف جیسا ہی ہے ، کے پی کے میں بھی کچھ ڈلیور نہیں کرسکے ، خصوصی گفتگو

اتوار 25 جنوری 2015 04:50

مظفر گڑھ ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جنوری۔2015ء ) آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن میں ان کی جماعت عوامی راج تحریک کی رجسٹریشن کے بعد وہ ملک گیر مہم چلائینگے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام ان کی پارٹی میں شامل ہوں ۔ وہ اپنی مہم کا آغاز سائیکل پر مظفر گڑھ سے کرینگے جو اسلام آباد جا کر اختتام پذیر ہوگی جس کے لیے انہوں نے باقاعدہ سائیکل چلانے کی پریکٹس شروع کردی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران کے گرد جاگیردار ، صنعتکار اور خواتین اکھٹے ہیں عمران خان کا رویہ بھی اپنے اراکین اسمبلی سے نواز شریف جیسا ہی ہے جبکہ تحریک انصاف کے پی کے میں عوام کو کچھ ڈلیور نہیں کرسکی کے پی کے میں اراکین اسمبلی ترقیاتی فنڈز سے محروم ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں وہ شامل ہونا چاہتے تھے لیکن جب قریب سے دیکھا تو یہ جماعت ان کے منشور سے دور نظر آئی اس لئے ان کی اب تحریک انصاف سے راہیں جدا ہوئیں ہیں وہ اب اپنی الگ جماعت کے لیے تیاریوں میں مصروف ہیں جمشید دستی نے مزید بتایا کہ وہ قومی اسمبلی میں احتساب بل کے علاوہ بزنس مین طبقے کو وزیراعظم ، وزیر مشیر بنانے کیخلاف بل پیش کرینگے جس کی تیاری جاری ہے دونوں بل جلد ایوان میں پیش کردینگے انہوں نے اراکین پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ ان بلوں پر ان کا ساتھ دیں