ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار، پنجاب میں پھر دھند کا راج، دھند کے باعث پنجاب کے بیشتر علاقوں میں معمولات زندگی شدید متاثر ،شدید دھند کے باعث ملتان میں حد نگاہ 5 میٹر جبکہ چیچہ وطنی میں صفر ہوگئی

اتوار 25 جنوری 2015 04:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25جنوری۔2015ء )رواں ہفتے ہونے والی بارشوں اور برفباری کے باعث ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ دھند کے باعث پنجاب کے بیشتر علاقوں میں معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ملک کے مختلف حصوں میں رواں ہفتے ہونے والی بارش اور برفباری نے موسم کے نظارے دوبالا کردیئے ہیں وہیں ملک بھرمیں سردی اپنے عروج پر ہے۔

خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کالام میں مزید 2 جبکہ مالم جبہ میں 3 انچ برفباری ہوچکی ہے۔ چترال میں لواری ٹاپ سمیت دیگر بالائی علاقوں میں 5ویں روز بھی برفباری کاسلسلہ جاری ہے اس کے علاوہ اپر اور لوئر دیر میں بارش اور برف باری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، برف باری کے باعث متعدد مقامات پر رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دھند نے تمام منظر دھندلا دیئے ہیں، پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ہلکی دھند رہی جس کی وجہ سے موٹر وے ایم 3 پر حد نگاہ 70 میٹر رہی۔ ملتان اور گردو نواح میں شدید دھند کے باعث حد نگاہ 5 میٹر جبکہ چیچہ وطنی اور گرد و نواح میں شدید دھند کے باعث قومی شاہراہ پر حد نگاہ صفر ہوگئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں آج شام کے بعد دھند میں مزید اضافہ ہوگا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں سب سے کم درجہ حرارت پارا چنار میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ قلات میں منفی07، استور، اسکردو اورمالم جبہ میں منفی 06، گوپس منفی 05، کوئٹہ اور کالام میں منفی04 ، ہنزہ اوردروش میں درجہ حرارت منفی 02 ، دیر، راولاکوٹ اور مری میں منفی01 ، لاہور اور پشاور 07، اسلام آباد میں08 ، حیدرآباد 10 جبکہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 13ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی علاقوں سے ہواوٴں کا نیا سلسلہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات پنجاب اور بلوچستان میں داخل ہو رہا ہے، جس سے شمالی بلوچستان، پنجاب اور ساحلی علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :