اسلام آبادہائیکورٹ نے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل میں گرفتار ممتاز قادری کیس کو آئندہ ہفتے میں سماعت کے لیے فکس کرتے ہوئے باقاعاعدہ ڈویژن بینچ بھی تشکیل دے دیا

ہفتہ 24 جنوری 2015 08:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24جنوری۔2015ء )اسلام ابادہائیکورٹ نے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل میں گرفتار ممتاز قادری کیس کو آئندہ ہفتے میں سماعت کے لیے فکس کرتے ہوئے باقاعاعدہ ڈویژن بینچ بھی تشکیل دے دیا ہے۔ دائر کی گئی اپیل کی سماعت کو 27 جنوری کے لیے مقرر کردیاہے۔ہائیکورٹ کا دورکنی بینچ جسٹس نورالحق این قریشی اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔

درخواست گزار کی جانب سے سابق چیف جسٹس خواجہ شریف پیش ہوں گے ۔

سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو ذاتی سیکورٹی گارڈ نے اسلام آباد کی مشہورمارکیٹ کوہسار کے قریب فائرنگ کرتے ہوئے جاں بحق کردیا تھا۔ سابق گورنر پنجاب کو 4 جنوری 2011 کو جاں بحق کیا گیاتھااور ممتاز قادری گزشتہ کئی سالوں سے اڈیالہ سنٹرل جیل راولپنڈی میں قید ہے ۔

(جاری ہے)

اور اس کی اپیل سماعت بھی عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہے۔

ذرائع کے مطابق سیکورٹی اداروں نے بھی ممتاز قادری کیس کی سماعت کے موقع پر ہائیکورٹ میں سیکورٹی خدشات کے باعث سیکورٹی اداروں کے افسران کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ عدالت عالیہ میں ممتاز قادری کیس کی سماعت کے موقع پر مذہبی جماعتوں کے کارکنوں کی آمد کے موقع پر کسی بھی قسم کا ناخوشگوار واقع رونما ہو سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے وزرات داخلہ کی ہدایت پر سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل میں گرفتار ممتاز قادری کیس کو بھی فوجی عدالت میں بھیجنے کی سفارش کردی ہے۔