پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی سب سے بڑی دہشت گردی اور انتہا پسندی ہے،ذمہ دار امریکہ اور اس کے حواری ہیں ،سراج الحق ،مغرب کا یہ اقدام دنیا کو تیسری عالمی جنگ کی طرف دھکیل سکتا ہے ا سلامی ممالک کی تنظیم اور اقوام متحدہ نبیوں اور مقدس کتابوں کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف قوانین بنائے ،مسلم ممالک گستاخی کے مرتکب ممالک کی اشیاء کا بائیکاٹ کریں جو بھی شان رسالت یا قرآن پاک کی گستاخی کا مرتکب ہوگا اس کا پیچھا کرتے رہیں گے، اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ملین مارچ سے خطاب

ہفتہ 24 جنوری 2015 09:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24جنوری۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی سب سے بڑی دہشت گردی اور انتہا پسندی ہے جس کے ذمہ دار امریکہ اور اس کے حواری ہیں مغرب کا یہ اقدام دنیا کو تیسری عالمی جنگ کی طرف دھکیل سکتا ہے اسلامی ممالک کی تنظیم اور اقوام متحدہ نبیوں اور مقدس کتابوں کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف قوانین بنائے مسلم ممالک گستاخی کے مرتکب ممالک کی اشیاء کا بائیکاٹ کریں جو بھی شان رسالت یا قرآن پاک کی گستاخی کا مرتکب ہوگا اس کا پیچھا کرتے رہیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ملین مارچ سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہاکہ یہ ملین مارچ مغرب کے شدت پسندوں اور انتہا پسندوں کو ایک پیغام ہے کہ مسلمان نبی کریم ﷺ کی محبت میں جان و مال زندگی اور خون کا اخری قطرہ تک قربان کرنے کیلئے تیار ہیں نبی کریمﷺ کی محبت مسلمانوں کی زندگی کا فلسفہ ہے نبی کریم ﷺ صرف مسلمانوں کے نہیں بلکہ قیامت تک پوری انسانیت کے لئے رحمت کا پیغام ہیں انہوں نے انسان کو تہذہب انسانیت محبت اور بھائی چارے کا درس دیا ہے انہوں نے امیر اورغریب کو ایک ہی صف میں کھڑا کر دیاانہوں نے کہا کہ کوئی بھی مسلمان شدت پسند دہشت گرد یا انتہا پسند نہیں ہوسکتا اسلام کسی کو ناحق خون بہانے کی اجازت نہیں دیتا انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت مغرب نے انتہا پسندی کا راستہ اختیار کیاتاکہ دنیا کو تیسری عالمی جنگ کی جانب دھکیل سکے انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی قرآن پاک کی توہین کے واقعات ہوتے رہے اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کیلئے مغرب نے کئی قسم کے ہتھکنڈے آزمائے تاکہ مسلمانوں کو اشتعال دلایا جا سکے برہنہ خواتین کی پست پر قرآنی آیات لکھے گئے ملعون سلمان رشدی اورتسلیمہ نسرین کو پناہ دی گئی ناروے میں مساجد کو نذر آتش کیا گیا فرانس میں چالیس ممالک کے سربراہان آزادی اظہار رائے کے نام پر جمع ہوگئے اور چارلی ایبڈو پر حملوں کی مذمت کی مگر ان حکمرانوں کو اسلام کے خلاف مغرب کی سازشیں نظر نہیں آتی ہیں عراق شام مصر لیبیا فلسطین اور افغانستان میں مسلمانوں کی قتل عام پر انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرادار خاموش رہتے ہیں انہوں نے کہاکہ امریکہ اور اس کے حواری اسلامی ممالک کو آپس میں لڑا کر انہیں کمزور کرنا چاہتے ہیں فرانس میں حجاب کے نام پر مسلمان خاتون کو قتل کیا جاتا ہے مگر وہاں کے جج اور حکمران خاموش رہتے ہیں یہ کیسی اظہار رائے کی آزادی ہے دنیا میں جنگ اور فساد کی ذمہ دارمغرب کا انتہا پسند حلقہ ہے قرآن پاک کو جلانا مدارس اور مساجد کے خلاف مغرب کا پراپیگنڈہ مسلمانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی ایک سازش ہے اگر دنیا میں آمن قائم کرنا ہے تو اقوام متحدہ اور او آئی سی کی سطح پر قانون سازی کی ضرورت ہے جس میں تمام مقدش کتابوں اور ہستیوں کی گستاخی کو جرم قرار دیا جائے انہوں نے کہاکہ آج کے مارچ میں شرکت کیلئے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو دعوت دی تھی اور یہ ملک کے سربراہ کا حق ہے کہ وہ ایسے احتجاج کی سربراہی کرے اگر ہمارے حکمران خاموش رہیں گے تو عوام مجبور ہوکر سڑکوں پر احتجاج کرے گی انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیامیں توہین امیر خاکوں کے خلاف احتجاج ہو رہا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ پوری مسلم دنیا جاگ چکی ہے ہم فرانس ڈنمارک اور دیگر مغربی ممالک پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ جو ملک بھی شان رسالت میں گستاخی کرے گا مسلمان اس کا پیچھا کرتے رہیں گے انہوں نے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ ایسے تمام ممالک کی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں جو شان رسالت میں گستاخی کے مرتکب ہوں یا ایسے عناصر کی حمایت کرتے ہوں انہوں نے کہاکہ جب تک پاکستان میں اسلامی نظام کا قیام عمل میں نہیں لایاجاتا اس وقت تک ہمارے مسائل حل نہیں ہوسکتے ملک کے جوان یہ عہد کریں کہ وہ ملک میں اسلامی نظام کے قیام کیلئے جدوجہد کریں گے انہوں نے امریکی صدر باراک اوباما کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ سن لو تمہارے دانشور کہتے ہیں کہ صلیبی جنگوں کا اغاز ہوچکا ہے اگر یہ صحیح ہے تو تم بھی صلاح الدین ایوبی کا انتظار کرواسلامی ممالک میں ہونے والی دہشت گردی کی ذمہ دار امریکہ اور اس کے حواری ہیں عالم اسلام کے حکمران مغرب کی سازشوں کو سمجھیں اور ان کے خلاف امت مسلمہ کو متحد کریں ۔