تحریک انصاف کے اراکین پنجاب اسمبلی کاسینٹ انتخابات میں حصہ لینے کا امکا ن ، عامر کیانی اور اعجاز چوہدری کو الیکشن لڑانے کے لئے عمران خان کو قائل کرنے کی حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی

ہفتہ 24 جنوری 2015 09:12

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24جنوری۔2015ء )تحریک انصاف اراکین پنجاب اسمبلی نے سینٹ انتخابات میں حصہ لینے کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں ۔ اس سلسلے میں اگلے ہفتے لاہور میں ایک خفیہ اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے ۔ تحریک انصاف کے رہنما عامر کیانی اور اعجاز چوہدری کے الیکشن لڑنے کا امکان جبکہ سینٹ کے الیکشن میں حصہ لینے کیلئے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو عمرے سے وطن واپسی پر قائل کرنے کی حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی ۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے سینٹ انتخابات کے باہر ہونے کے اعلان کے بعد بھی پارٹی کے مقامی رہنما اور اراکین پنجاب اسمبلی نے اس حوالے سے حکمت عملی بنانا شروع کردی کیونکہ ایوان بالا میں پارٹی کا سینیٹرمنتخب کرکے بھیجا جائے پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے تیس قانون ساز ہیں جن میں پچیس صوبائی اراکین اور چار عورتوں سمیت ایک اقلیتی ممبر شامل ہے ہر سینیٹر کو سینٹ میں نمائندگی حاصل کرنے کیلئے کم از کم 34ووٹ صوبائی اسمبلی سے درکار ہونگے ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف پنجاب کے صوبائی رکن نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ پارٹی سے مطلوبہ ووٹ حاصل کرنے کی مکمل کوشش ہوگی اور کوشش کرینگے کہ جماعت اسلامی کے ممبر سید وسیم اختر سے بھی انتخابات کے حوالے سے تعاون حاصل کیاجائے کیونکہ خیبر پختونخواہ میں جماعت اسلامی تحریک انصاف کی اتحادی پارٹی ہے ۔ مسلم لیگ (ق) کے سابق رہنما ریاض فتیانہ کے صاحبزادے احسان فتیانہ جو آزاد صوبائی وزیر ہیں انہیں بھی پی ٹی آئی کی حمایت کیلئے قائل کیا جائے گا اس کے ساتھ ساتھ ڈیرہ غازی خان سے تحریک انصا ف کے صوبائی رکن احمد دریشک کے بیٹے آزاد امیدوار نصراللہ دریشک کو بھی اس سلسلے میں قائل کرنے کی کوشش کی جائے گی اور مسلم لیگ (ق) کے اراکین سے بھی ووٹ حاصل کرنے کیلئے جدوجہد ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی اراکین اسمبلی عمران خان کی عمرہ واپسی کے بعد ان کو سینٹ انتخابات میں حصہ لینے کیلئے قائل کرینگے اگر اس سلسلے میں وزراء کامیاب ہوگئے تو تحریک انصاف پنجاب کے اراکین اسمبلی تیس جنوری کو سیشن میں شرکت کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی نے ٹکٹ دیا تو سینٹ انتخابات کیلئے تحریک انصاف کے نائب صدر عامر کیانی اور پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری کو کھڑا کئے جانے کا امکان ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ورکرز کنونشن کے بعد سولہ ممبر پنجاب اسمبلی نے ایک مقامی ہوٹل میں اجلاس کیا اور فیصلہ کیا کہ پنجاب سے سینٹ میں ایک پارٹی رکن بھیجنے کیلئے مشترکہ فیصلہ کرینگے جبکہ اگلے ہفتے ڈیرہ غازی خان سے رکن پنجاب اسمبلی کی زیر صدارت اسی طرح کا لاہور میں بھی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایک منصوبہ بنایا جائے گا کہ زیادہ تر سینٹ الیکشن کیلئے اسمبلی واپس جانا چاہیے