یوکرائن،ٹرالی بس گولہ باری کی زد میں آگئی،13افرادہلاک،سرکاری فوج نے ڈونیٹسک ائیرپورٹ کا بڑا حصہ خالی کردیا

جمعہ 23 جنوری 2015 05:54

کیف(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23جنوری۔2015ء)جنگ زدہ مشرقی یوکرائن کے ڈونیٹسک کے خطے میں جمعرات کے روز ایک ٹرالی بس گولہ باری کی زد میں آ گئی جس کے نتیجے میں 13افراد ہلاک ہو گئے ، یہ بات حکام نے فائر بندی کے لئے برلن میں ہونیوالے امن مذاکرات کے چند گھنٹوں بعد بتائی۔شہر ، جو کہ روسی نواز باغیوں کا گڑھ ہے جو یوکرائن کی فوج کے ساتھ لڑ رہے ہیں، میں ایمرجنسی سروسز کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ٹرالی بس میں 12افراد ہلاک ہوئے اور ایک اور شخص قریب سے گزرنے والی ایک کار میں ہلاک ہوا ۔

اہلکار نے بتایا کہ ایک درجن کے قریب افراد زخمی بھی ہوئے ۔شہر کے عہدیدار ایوان پریدخودکو نے اے ایف پی کو بتایا کہ بدھ کی رات ڈونیٹسک کے ایئرپورٹ کے نزدیک ایک قریبی علاقے میں گولہ باری ہوئی جو کہ حالیہ دنوں میں جھڑپوں کا مرکز رہا ہے جس میں ایک اور بس کو نشانہ بنایا گیا اور اس میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز تشدد ایسے وقت سامنے آیا ہے جب روس ،یوکرائن ،جرمنی اور فرانس کے وزرائے خارجہ کی برلن میں بحرانی صورتحال پر ملاقات اختتام کو پہنچی تھی جس میں جارحیت کے خاتمے کے لئے مشترکہ مطالبہ کیا گیا ۔

تاہم خون خرابے کو روکنے کے لئے کوئی بریک تھرو معاہدہ سامنے نہیں آیا ۔اپریل 2014ء کے بعد تنازعہ میں 4800سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔دریں اثناء یوکرائن کی فوج نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ اس نے کئی ماہ کی خونی لڑائی کے بعد باغیوں کے زیر کنٹرول ڈونیٹسک میں ایک متنازعہ ایئرپورٹ کے بڑے حصے سے اپنی فورسز نکال دی ہیں ۔فوج کے ترجمان ولادیسلیف سلیزینوف نے مرکزی ایئرپورٹ کی عمارت ،جو کہ مئی کے آخر کے بعد سے کیف کی فورسز کے قبضے میں تھی ، کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ گزشتہ شام ہم نے نئے ٹرمینل کو چھوڑنے کو فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر روسی نواز مشرقی علیحدگی پسند علاقے میں گزشتہ روز کی لڑائی میں 10فوجی ہلاک اور16زخمی ہوئے ۔

متعلقہ عنوان :