صدر باراک اوبامہ کی آمد‘ بھارت نے سیکیورٹی فورسز کو لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر کسی مشتبہ شخص کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکامات جاری کر دیئے‘ مقبوضہ وادی فوجی چھاؤنی میں تبدیل

جمعرات 22 جنوری 2015 09:21

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22جنوری۔2015ء)امریکی صدر باراک اوبامہ کی بھارت آمد سے قبل مقبوضہ وادی کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا جبکہ کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ حساس قصبہ جات اور دیہی علاقوں میں تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ بھی تیز کر دیا جائے گا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ اس بار خفیہ ایجنسیوں نے 26 جنوری کے موقع پر یاا اس سے قبل جنگجوؤں کے ممکنہ حملوں کے بارے میں ابھی تک کوئی ٹھوس اطلاع فراہم نہیں کی ہیں تاہم باراک اوبامہ کے دورہ بھارت کے سلسلے میں کشمیر سے کنیا کماری کتک جاری کئے گئے ہائی الرٹ احکامات کے پیش نظر پولیس اور سیکیورٹی ایجنسیاں کوئی بھی رسک لینے پر آمادہ نہیں ہیں اور انہوں نے جنگجوؤں کی ممکنہ سرگرمیوں کے پیش نظر گزشتہ برسوں کی طرح ہی حفاظتی انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورتوں کے مطابق امریکی صدر باراک اوبامہ کے دورہ بھارت کے پیش نظر بین الاقوامی سرحد پر تعینات بی ایس ایف کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور بی ایس ایف کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آتھویں پہر چوکنا اور چوکس رہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق انٹیلی جنس ایجنسیوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ باراک اوبامہ کے دورہ بھارت کے پیش نظر بین الاقوامی سرحد سے دراندازون کو جموں و کشمیر میں دھکیلا جا سکتا ہے اور خفیہ ایجنسیوں کی اطلاعات پر بی ایس ایف کو بین الاقوامی سرحد پر ”دیکھتے ہی گولی مارنے“ کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔