پنجاب میں دینی مدارس کے طلباوطالبات کے لئے مفت لیپ ٹاپ کا کوٹہ بتدریج دگنا کرنے کا فیصلہ

بدھ 21 جنوری 2015 06:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جنوری۔2015ء)حکومت پنجاب نے صوبے کے دینی مدارس میں اسلامی علوم کے مختلف شعبوں میں تحقیقی کام کرنے والے نمایاں طلباوطالبات کے لئے مفت لیپ ٹاپ کی تقسیم کا کوٹہ بتدریج دگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات وزیرتعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس سال پانچوں وفاق المدارس کے تحت کام کرنے والے دینی مدارس کے طلباوطالبات کو پہلے سے طے شدہ فارمولہ کے مطابق گزشتہ سال سے ایک ہزار زیادہ لیپ ٹاپ فراہم کئے جائیں گے اور اگلے تین برس کے دوران یہ تعداد دوگنا کر دی جائے گے۔

دینی مدارس میں لیپ ٹاپ کے حصول کے لئے شہادت العالمیہ‘ اسلامی شریعہ‘ فقہ‘ دورہ حدیث اور پوسٹ گریجوایٹ تعلیم کے برابر قرار دی گئی دیگر اسناد کے لئے ریسرچ سکالرز اہل ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیرتعلیم نے بتایا کہ اس سال پنجاب کے سرکاری اور پرائیویٹ کالجز میں انٹرمیڈیٹ اور اس سے اوپر کی کلاسوں میں 60فیصد سے زیادہ مارکس حاصل کرنے والے طلباوطالبات کو ایک لاکھ لیپ ٹاپ مفت فراہم کئے جائیں گے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے یونیورسٹی سٹوڈنٹس کے لئے ملک بھر میں ایک لاکھ مزید لیپ تقسیم کئے جا رہے ہیں جن میں سے پنجاب کی یونیورسٹیوں کے طلباوطالبات کے حصے میں 60ہزارلیپ ٹاپ الگ سے آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :