داعش کا خود ساختہ خلیفہ ابوبکر البغدادی شام اورعراق کے سرحدی علاقے القائم میں زخمی ہونے کے بعد معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا؛عراقی وزیراعظم حیدر العبادی کی تصدیق

بدھ 21 جنوری 2015 06:29

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جنوری۔2015ء)عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے تصدیق کی ہے کہ دولت اسلامی”داعش“ کا خود ساختہ خلیفہ ابوبکر البغدادی شام اورعراق کے سرحدی علاقے القائم میں زخمی ہونے کے بعد معجزانہ طور پر زندہ بچ جانے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ البغدادی اپنا بیشتر وقت شام ہی میں گذارتا ہے تاہم کبھی کبھار وہ عراق میں دولت اسلامی کے زیر قبضہ علاقوں میں بھی آتا جاتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیراعظم العبادی کا کہنا تھا کہ دولت اسلامی کی تباہ کاریوں اور اس کی جانب سے درپیش سنگین خطرات کے باعث مغربی ممالک نے بھی داعش کی بیخ کنی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ مغرب کی توجہ اب شام میں صدر بشارالاسد کو اقتدار سے ہٹانے کے بجائے داعش کوکمزور کرنے پر مرکوز ہے۔

(جاری ہے)

عراقی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگرچہ دولت اسلامی”داعش“ کی جانب سے عراق کو اب زیادہ خطرات نہیں ہیں تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر داعش ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کو اپنی صفوں میں شامل کرنے میں کامیاب رہی تو اس کے خطرے کو رد بھی نہیں کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ داعش کو جب سے اندازہ ہوا کہ جنوبی عراق سے پیش قدمی اس کے لیے ممکن نہیں تو اس نے صوبہ کردستان سے اپنی توجہ ہٹا دی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عراق اور ترکی کے درمیان تعلقات میں ایک نئی مشکل کردستان لیبر پارٹی بھی ہے۔ ترکی اس جماعت کو داعش سے زیادہ خطرناک سمجھتا ہے۔

متعلقہ عنوان :