عمران اور طاہر القادری آج سعودی عرب پہنچیں گے،دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات متوقع،ملاقات میں سیاسی صورت حال اور نئی احتجاجی تحریک کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائیگا،دھرنے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہوگی،2014 میں طاہر القادری سانحہ ماڈل ٹاؤن کے باعث سعودی عرب نہ جا سکے، رحیق عباسی،ڈاکٹر طاہر القادری زیر علاج ،اہم ٹیسٹ ہونا باقی ہیں،مرکزی صدر پاکستان عوامی تحریک،عمران خان سعودی عرب میں کسی سیاسی شخصیت سے ملاقات نہیں کریں گے ،صرف عمرہ اداکریں گے،شیریں مزاری

بدھ 21 جنوری 2015 06:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جنوری۔2015ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کے درمیان سعودی عرب میں ملاقات متوقع ۔دونوں رہنما آج سعودی عرب پہنچیں گے۔ملک میں سیاسی صور تحال اور نئی احتجاجی تحریک کے حوالے سے تبادلہ خیال جائیگا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان اپنی اہلیہ کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے لئے آج سعودی عر ب جائیں گے جبکہ ڈاکٹر طاہر القادری بھی امریکہ سے سعودی عرب آج پہنچیں گے ۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات متوقع ہے ۔ملاقا ت میں ملک میں سیاسی صورت حال اور نئی احتجاجی تحریک کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائیگا ۔دھرنا ختم کرنے کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہوگی۔

(جاری ہے)

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ سربراہ عوامی تحریک 2014 میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے باعث سعودی عرب نہ جا سکے،وہ تا حال زیر علاج ہیں ۔

ڈاکٹر ز کی طرف سے انہیں سفر کرنے کی اجازت نہیں تا ہم ان کی خواہش تھی کہ وہ عمرہ کی سعادت حاصل کریں اور کچھ دن روضہ رسول ﷺ پر گزاریں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کے بعض اہم ٹیسٹ ہونا باقی ہیں اور وہ تاحال زیر علاج ہیں،سعودی عرب میں کچھ دن گزار کر وہ امریکہ جائیں گے جہاں ان کا تفصیلی چیک اپ ہو گا اور ڈاکٹر ادویات اور ان کی صحت کے حوالے سے اپنی رائے دیں گے ۔

جبکہ ترجمان تحریک انصاف شیریں مزاری نے کہاہے کہ عمران خان سعودی عرب میں کسی سیاسی شخصیت سے ملاقات نہیں کریں گے ،صرف عمرہ اداکریں گے ۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عمران خان اوران کی اہلیہ ریحام خان عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب جارہے ہیں ،وہ ایک رات مکہ اورایک رات مدینہ میں قیام کریں گے ۔سعودی عرب میں اپنے قیام کے دوران وہ شوکت خانم کی فنڈزریزنگ کی تقریب سے خطاب ضرورکریں گے ،لیکن کسی سیاسی شخصیات سے ملاقات نہیں کریں گے۔