مولانا عبدالعزیز کو نظر بندکرنے اور ان کی طرف سے معافی نامہ بھجوانے کی تردید،عقیدت مندوں کی درخواست پر مولانا نے نقل وحرکت محدود کی ہے، وزارت داخلہ کو وضاحتی خط بھیجا ہے وہ معافی نامہ نہیں،ترجمان شہداء فاؤنڈیشن

بدھ 21 جنوری 2015 06:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21جنوری۔2015ء)شہداء فاؤنڈیشن کے ترجمان نے مولانا عبدالعزیز کو نظر بندکرنے اور ان کی طرف سے معافی نامہ بھجوانے کی تردید کی ہے تاہم کہا ہے کہ شوریٰ اور عقیدت مندوں کی درخواست پر مولاناعبدالعزیز نے نقل وحرکت محدود کر دی ہے جبکہ وزارت داخلہ کو وضاحتی خط بھیجا ہے وہ معافی نامہ نہیں۔

(جاری ہے)

منگل کو جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان حافظ احتشام احمدنے مولانا عبدالعزیز کی جانب سے آئی جی پولیس کو تحریری معافی نامہ کے متعلق بھی خبروں کو مسترد کر دیا اور کہا کہ مولانا عبدالعزیز کو نظر بند نہیں کیا گیا اور نہ ہی انکی نظر بندی کا کوئی جواز ہے۔

کچھ عناصر مولانا عبدالعزیز کو قتل کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ مولانا عبدالعزیز نے اپنی شوریٰ اور عقیدت مندوں کی درخواست پر اپنی نقل و حرکت محدود کر دی ہے۔ مولانا عبدالعزیز نے کسی کو کوئی معافی نامہ نہیں دیا۔ مولانا نے جب کوئی جرم ہی نہیں کیا تو معافی کیوں مانگیں گے۔ کچھ میڈیا گروپس شہداء فاؤنڈیشن کی جانب سے اعلیٰ حکام کو بھیجے گئے وضاحتی خط کو اپنی ناقص علم کی وجہ سے مولانا عبدالعزیز کا معافی نامہ قرار دے رہے ہیں۔