پی آئی اے انتظامیہ نے اپنے ملازمین کو حاصل فری ایئر ٹکٹ کی سہولت ختم کردی ،سب لوڈ ٹکٹ پر چند سو روپے ادا کرکے ملازمین سفر کرتے تھے ،اب 5ہزار روپے فی ٹکٹ ادا کرنا پڑینگے ، انتظامیہ نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے تمام ائرپورٹس پر نئے ریٹس کے مطابق ٹکٹ جاری کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد شروع کردیا ،ایک سال میں11لاکھ ائر ٹکٹ جاری کرنے پر شجاعت عظیم نے وزیراعظم سے یہ سہولت ختم کرنے کی خصوصی منظوری حاصل کی تھی ،ملک بھر کے ائرپورٹس پر پی آئی اے ملازمین اور انتظامیہ کے مابین ہنگامہ آرائی ہوئی ،فیصلہ کو تسلیم نہیں کرتے ، بھرپور احتجاج کرینگے ، رمضان لغاری

منگل 20 جنوری 2015 08:35

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جنوری۔2015ء )وفاقی حکومت نے پی آئی اے کے ملازمین کو معمولی رقم کی ادائیگی پر جہاز کا سفر کرنے کے حوالے سے دی گئی سہولیات کو واپس لے لیاہے اب نئی پالیسی کے مطابق پی آئی اے کے ہر ملازم کو ایک ٹکٹ پر پانچ ہزار روپے ادا کرنا پڑینگے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے ملازمین کو عرصہ سے چند سو روپے کی ادائیگی پر جہاز کے سفر کیلئے ٹکٹ جاری کردیا جاتا تھا جس پر موجودہ حکومت کو شدید تحفظات تھے کیونکہ ایک سال کے دوران گیارہ لاکھ ائر ٹکٹ پی آئی اے ملازمین کو جاری کئے گئے اگر گیارہ لاکھ ٹکٹس کی اصل رقم وصول کی جاتی تو یہ اربوں روپے کا ریونیو پی آئی اے کو حاصل ہوسکتا تھا ۔

پی آئی اے کے سربراہ شجاعت عظیم نے معاملے کو اعلیٰ سطح پر اٹھایا جس کے بعد وزیراعظم نے انہیں فوری طور پر اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کیں اور ملازمین کو حاصل ریلیف کو ختم کرکے ریونیو بڑھانے کی ہدایت کی اس پر شجاعت عظیم نے پی آئی اے کے تمام ملازمین کو حاصل سفری سہولیات واپس لیتے ہوئے فی ٹکٹ پانچ ہزار روپے کا اضافہ کردیا ہے اس طرح اب پی آئی اے کا ملازم سب لوڈ ٹکٹ پر پانچ سو کی بجائے ساڑھے پانچ ہزار روپے ادا کرے گا نئی پالیسی کے حوالے سے نوٹیفکیشن تمام متعلقہ اداروں میں جاری کردیا گیا ہے اور وفاقی حکومت کی اس نئی پالیسی کو سامنے رکھتے ہوئے گزشتہ روز ملک بھر کے تمام ائرپورٹس پر پی آئی اے کے ملازمین کو سب لوڈ ٹکٹ دینے کے دوران پانچ سو کی بجائے ساڑھے پانچ ہزار فی ٹکٹ ادا کرنا پڑے جس پر مختلف ائرپورٹس پر ملازمین اور انتظامیہ کے مابین ہنگامہ آرائی کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

پی آئی اے ایمپلائز پیپلز یونیٹی کے صدر رمضان لغاری نے خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ یہ اقدام سراسر ظلم ہے جس کیخلاف ہم آج لائحہ عمل طے کرینگے اور ملک بھر میں اس کیخلاف شدید احتجاج کیاجائے گا ۔