وزارت مذہبی امور نے عمرہ معاملات کو اپنے زیر انتظام کرنے پر مشاورت شروع کردی، سردار محمد یوسف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تجویز ، عمرہ و زیارات کے معاملات کو وزارت کیڈ سے وزارت مذہبی امور میں منتقل کرنے بارے مشاورتی عمل شروع کردیاگیا، سردار یوسف معاملہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے سامنے اٹھائینگے، ذرائع ،تجویز زیر غور ہے، عمرہ زائرین کی بے شمار شکایات موصول ہوئیں،سینئر عہدیدار

منگل 20 جنوری 2015 09:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جنوری۔2015ء)وزارت مذہبی امور نے عمرہ معاملات کو اپنے زیر انتظام کرنے پر مشاورت شروع کردی، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں تجویز ، عمرہ و زیارات کے معاملات کو وزارت کیڈ سے وزارت مذہبی امور میں منتقل کرنے بارے مشاورتی عمل شروع کردیاگیا، سردار یوسف معاملہ وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے سامنے اٹھائینگے، وزارت مذہبی امور کے سینئر عہدیدار نے بھی تجویز کی تصدیق کردی۔

باوثوق ذرائع نے ”خبر رساں ادارے “ کو بتایا کہ وزارت مذہبی امور نے عمرہ و زیارات کے معاملات کو اپنے زیر انتظام کرنے پر مشاورت شروع کردی ہے۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ چند روز قبل وزارت مذہبی امور میں سردارمحمد یوسف کی سربراہی میں ہونیوالے حج ایڈوائزری کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس یہ تجویز زیر غور آئی جس میں وزارت مذہبی امور، سینیٹ و قومی اسمبلی کے اراکین سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے ذمہ داران نے شرکت کی تھی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس تجویز کے آنے کے بعد مختلف پہلوؤں سے جائزہ لیا جارہاہے۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ عمرہ و زیارات کے معاملات وزارت سیاحت کے پاس تھے جبکہ 18 ویں ترمیم کے بعد وزارت سیاحت کے امور بھی وزارت کیڈ میں آگئے جبکہ اب تک کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن (کیڈ) متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکی ہے ۔ ذرائع نے مزید بتایاکہ اس تجویز پر وزارت مذہبی امور کے ذمہ داران اس لئے بھی غور کررہے ہیں کہ عمرہ زائرین کی مشکلات آئے روز بڑھتی جارہی ہیں اور حج و زیارات کے حوالے سے تمام شکایات بھی وزارت مذہبی امور کے سامنے ہی آتی ہیں کیونکہ زائرین کو کیڈ میں کوئی شنوائی نہیں مل رہی نہ ہی ان کی شکایات کے ازالہ کیلئے مذکورہ بالا وزارت میں کوئی سیکشن قائم کیاگیاہے جبکہ اس سلسلے میں کوئی اقدام بھی نہیں اٹھایا جارہا جبکہ دیگر ممالک میں جانیوالے زائرین کو بھی مشکلات کا سامناہے اس سلسلے میں وفاقی وزیر مذہبی امور جلد مشاورتی عمل مکمل کرکے وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے سامنے یہ معاملہ اٹھائینگے اور مطالبہ کرینگے کہ عمرہ و زیارات کے معاملات وزارت مذہبی امور کو منتقل کئے جائیں۔

اس سلسلے میں جب ”خبر رساں ادارے“ اجلاس میں شریک وزارت مذہبی امور کے ایک سینئر عہدیدار سے استفسار کیا تو انہوں نے اس تجویز کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ اس تجویز پر تفصیلی غور و خوض ہورہاہے کیونکہ اس وقت وزارت مذہبی امور کے پاس عمرہ زائرین کی مشکلات کے حوالے سے بے شمار شکایات آئی ہیں۔