وزیراعظم کی وزارت پانی وبجلی کو پی ایس او کو فوری 500ارب ادا کرنے کی ہدایت، پٹرول کے بحران اور عوام کو درپیش مشکلات پر متعلقہ حکام کی سخت سرزنش ،روزانہ 12ہزار ٹن پٹرول کااستعمال ، آج 15ہزار 6سو ٹن سپلائی کردیا،اجلاس کو بریفنگ

منگل 20 جنوری 2015 09:04

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20جنوری۔2015ء )وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے وزارت پانی وبجلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ پی ایس او کے واجب الادا 500 ارب روپے کی ادائیگی فوری یقینی بنائے تاکہ پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کے حوالے سے درپیش مالی مشکلات کو ختم کیاجاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی ، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، وفاقی سیکرٹری پٹرولیم اور وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں وزیراعظم نے پٹرول کے بحران اور عوام کو درپیش مشکلات پر متعلقہ حکام کی سخت سرزنش کی اور ہدایت کی کہ فوری طور پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں ۔ اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر 12ہزار ٹن پٹرول استعمال ہوتا ہے تاہم آج 15ہزار 6سو ٹن پٹرول کی سپلائی ملک بھر میں کردی گئی ہے تاکہ پٹرول کی عدم دستیابی کے حوالہ سے شہریوں کو درپیش مشکلات کو حل کیاجاسکے ۔

متعلقہ عنوان :