پشاور: شہدا کو خراجِ عقیدت ،کرکٹ ٹیم کے6کھلاڑی پشاورپہنچ گئے ، سانحہ پشاور کے زخمی بچوں کی عیادت ،تحائف دیئے،جلد صحت یابی کے لئے دعا،طلباء کے حوصلے بند ہیں،ان سے مل کر خوشی ہوئی ،ملک سے دہشت گردی کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے، کپتان مصباح الحق ،پاکستان کرکٹ ٹیم کا آفشیلز کے ہمراہ سی ایم ایچ پشاور کا دورہ ،شہداء کی فیملیز سے ملاقات اُور اُن سے،تعزیت، یکجہتی کا اظہار

اتوار 18 جنوری 2015 09:19

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18جنوری۔2015ء) سا نحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق چھ کھلاڑیوں اور تین آفیشلز کے ہمراہ پشاور پہنچے جہاں انہوں نے سانحہ میں زخمی ہونیوالے بچو ں کی عیادت کی، انہیں تحائف پیش کئے اور جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز ورلڈ کپ کے لئے منتخب قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑوں اور ٹیم منیجمنٹ نے ورلڈکپ کیلئے روانگی سے قبل پشاور کا دورہ کیا اور سی ایم ایچ پشاور میں جا کر آرمی پبلک سکول میں دہشت گردوں کا نشانہ بننے والے زخمی طلبا سے ملاقات کی اور ان کی عیادت کی ۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز نے زخمی طلباء کو تحائف بھی دیئے اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا۔

(جاری ہے)

کپتان مصباح الحق کے ساتھ یاسر شاہ ،عمر اکمل ، محمد عرفان، احمد شہزاد، احسان عادل پشاور پہنچے جبکہ مینجر نوید اکرم ،اسسٹنٹ کوچ شاہد اسلم اور سیکورٹی مینجر کرنل اعظم بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ طلباء کے حوصلے بلند ہیں ،ان سے ملکر ہمیں بہت خوشی ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے ۔دہشت گردی کی وجہ سے ملک سے قومی کھیلوں کو نقصان پہنچا ہے اور بیرون ملک کے کھلاڑی پاکستان آنے سے کتراتے ہیں ۔بعد ازاں پاکستان کرکٹ ٹیم نے آفشیلز کے ہمراہ آج سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا۔ٹیم نے شہداء کی فیملیز سے بھی ملاقات کی اُور اُن سے اظہار یکجہتی اور تعزیت کی۔ ٹیم نے لواحقین سے فاتحہ خوانی کی اور شُہدا ء کے بلنددرجات کیلئے دعا کی۔

ٹیم نے زخمی طلباء کی عیادت کی اور اُن کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے طلباء کے بلند حوصلے کو سراہا اُور اُنہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔طلباء نے ٹیم کیلئے نیک خواہشات اور اِس اُمید کا اظہار کیاکہ اِنشاء اللہ ہماری ٹیم آئندہ آنے والے ورلڈ کپ میں سُرخرو ہو گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے نوید اکرم چیمہ نے امدادی چیک سکول انتظامیہ کے حوالے کیا۔ٹیم میں مصباح الحق ، شاہد آفریدی ،احمد شہزاد، یاسر شاہ، احسان عادل، محمد عرفان،او ر ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ وغیرہ شامل تھے