اوگرا کا زائد قیمتیں وصول کرنے پر ایل پی جی کمپنیوں کو بیالیس لاکھ روپے جرمانہ،کمپنیوں نے گزشتہ ماہ ایل پی جی کی مصنوعی قیمتیں بڑھا کر عوام سے بیس ارب روپے زائد لوٹ لئے

ہفتہ 17 جنوری 2015 08:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17جنوری۔2015ء) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارتی اوگرا نے زائد قیمتیں وصول کرنے پر ایل پی جی کمپنیوں کو بیالیس لاکھ روپے جرمانہ کیا ہے‘ ان کمپنیوں نے گزشتہ ماہ ایل پی جی کی مصنوعی قیمتیں بڑھا کر عوام سے بیس ارب روپے زائد لوٹ لئے۔ دسمبر اور جنوری میں گیس لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے گیس صارفین ایل پی جی استعمال کرتے ہیں جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایل پی جی گیس سیلنڈروں کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیتے ہیں میڈیا کے دباؤ کے تحت چیئرمین اوگرا نے ایل پی جی کی چھیالیس کمپنیوں کو شوکاز نوٹس جاری کئے تھے۔

گزشتہ روز اوگرا کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ یہ چھیالیس کمپنیاں من مانے اضافہ کرکے قانون کی خلاف ورزی کی ہے ان کے اس اقدام پر انہیں بیالیس لاکھ روپے جرمانہ کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

افسوسناک بات یہ ہے کہ ان کمپنیوں نے عوام سے اربوں روپے لوٹے ہیں جبکہ اوگرا نے صرف بیالیس لاکھ روپے جرمانہ کیا ہے جس سے فی کمپنی ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوا ہے کیونکہ یہ غریب کی منہ پر یہ بہت بڑا تمانچہ ہے۔

اربوں روپے لوٹنے والے چند روپے دے کر اپنی جان چھڑا لیں گے۔ اوگرا کی نااہلی پر پورا ملک اور حکومتی ادارے پریشان ہیں۔ ایل پی جی کمپنیوں کے مالکان کا تعلق نامور سیاستدان ‘ ملک کے نامور ماہر قانون اعتزاز احسن اور اعلیٰ فوجی افسران شامل ہیں۔ یہ اشرافیہ کی ملکیت میں آنے کی وجہ سے اوگرا ان کے خلاف کوئی ایکشن لینے میں ناکام ہوگیا اور عوام کو ایل پی جی کمپنیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ۔ اوگرا میں پچیاسی ارب روپے سے زائد کی کرپشن کا سکینڈل مختلف عدالتوں میں ابھی تک زیر سماعت ہے۔